Friday, October 16, 2026 | 04 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے سعودی شہروں کے لیے پروازیں 20 اکتوبر تک معطل کردیں

ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے سعودی شہروں کے لیے پروازیں 20 اکتوبر تک معطل کردیں

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 16 Oct 2026

ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے سعودی شہروں کے لیے پروازیں 20 اکتوبر تک معطل کردیں
ہندوستانی ایئر لائنز نے خطے کی بدلتی ہوئی سیکورٹی صورتِ حال کے پیشِ نظر سعودی عرب کے متعدد اہم شہروں کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ریاض، جدہ اور دمام کے لیے آنے اور جانے والی تمام پروازیں 20 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی، جبکہ بعض روٹس پر مدینہ منورہ کے لیے سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔
 
ایئر انڈیا نے اپنے سرکاری بیان میں واضح کیا کہ “سعودی عرب کی موجودہ صورتِ حال” کے تناظر میں ریاض، دمام اور جدہ کے لیے تمام پروازیں 20 اکتوبر 2026 تک منسوخ رہیں گی۔ کمپنی نے کہا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو مکمل رقم واپسی کی سہولت دی جا رہی ہے اور مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔
 
اسی طرح ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی اعلان کیا کہ ریاض، جدہ اور دمام کے لیے پروازوں کی معطلی 20 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ ادارے کے مطابق حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر آپریشنل شیڈول میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں گی۔ متاثرہ مسافروں کے لیے بلا معاوضہ دوبارہ بکنگ یا مکمل رقم واپسی کی پیشکش برقرار ہے، جبکہ ایئر لائن کی سپورٹ ٹیمیں مسافروں کی ہر ممکن رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہی ہیں۔
 
دوسری جانب ، جبکہ جمعرات کے روز ایک اور بڑی نجی فضائی کمپنی انڈیگو نے اعلان کیا کہ ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ کے لیے آنے اور جانے والی پروازیں 24 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی۔ کمپنی نے کہا کہ یہ فیصلہ صورتحال کے محتاط جائزے کے بعد کیا گیا ہے تاکہ مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
 
اکاسا ایئر نے بھی اپنی پروازوں کی معطلی میں توسیع کرتے ہوئے مطابق ریاض کے لیے سروس 24 اکتوبر تک اور جدہ کے لیے 21 اکتوبر تک معطل رہے گی۔ اکاسا ایئر نے واضح کیا کہ متاثرہ مسافروں کو مکمل رقم واپسی یا مفت ری شیڈولنگ کے اختیارات فراہم کیے جائیں گے۔
 
تمام ایئر لائنز نے اس امر پر زور دیا ہے کہ مسافروں اور کیبن کریو کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔ کمپنیوں نے کہا ہے کہ وہ زمینی حقائق اور سیکورٹی اپڈیٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات بہتر ہوتے ہی خدمات کی بحالی کے بارے میں مرحلہ وار فیصلے کیے جائیں گے۔
 
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال سرکاری ویب سائٹس، موبائل ایپس یا کسٹمر کیئر نمبرز کے ذریعے ضرور چیک کریں، اپنے رابطہ نمبرز اور ای میل ایڈریسز ایئر لائنز کے ریکارڈ میں اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ الرٹس، ایس ایم ایس اور ای میلز بروقت موصول ہو سکیں، اور جہاں ممکن ہو، بلا معاوضہ ری شیڈولنگ یا رقم واپسی کے آپشنز سے فائدہ اٹھائیں۔
 
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سکیورٹی کے خدشات کے باعث فضائی آپریشنز پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی پروازیں تدریجاً بحال کر دی جائیں گی۔