Monday, November 23, 2026 | 12 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • سونیا گاندھی کی کتاب میں ساورکر کی مبینہ مسخ شدہ تصویر پر قانونی نوٹس، غیرمشروط معافی اور وضاحت کا مطالبہ

سونیا گاندھی کی کتاب میں ساورکر کی مبینہ مسخ شدہ تصویر پر قانونی نوٹس، غیرمشروط معافی اور وضاحت کا مطالبہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 23 Nov 2026

سونیا گاندھی کی کتاب میں ساورکر کی مبینہ مسخ شدہ تصویر پر قانونی نوٹس، غیرمشروط معافی اور وضاحت کا مطالبہ

ونایک دامودر ساورکر کے پوتے کے بیٹے ستیاکی ساورکر نے کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کو ایک قانونی نوٹس بھجوایا ہے، جس میں ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب "بیلانگنگ: اے جرنی آف لو" میں وی ڈی ساورکر سے متعلق منسوب بیانات کو مسخ شدہ قرار دیتے ہوئے غیرمشروط معافی، واضح وضاحت اور درستی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ نوٹس ایڈووکیٹ سنگرام کولہٹکر نے ستیاکی ساورکر کی جانب سے جاری کیا، جس میں کتاب کے صفحہ 201 اور صفحہ 443 پر شائع ریمارکس پر سخت اعتراض اٹھایا گیا ہے اور انہیں حقائق کے منافی، تاریخی طور پر گمراہ کن، مسخ شدہ اور وی ڈی ساورکر کی شہرت و وراثت کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔ نوٹس میں سونیا گاندھی سے کہا گیا ہے کہ وصولی کے بعد 15 دن کے اندر اندر ان مطالبات پر عمل کریں، بصورت دیگر ستیاکی ساورکر بااختیار عدالت یا اتھارتی کے سامنے مناسب قانونی کاروائی اور چارہ جوئی شروع کر سکتے ہیں۔

نوٹس کے مطابق ستیاکی ساورکر نے حال ہی میں سونیا گاندھی کی یہ کتاب دیکھی، جسے ہارپر کالنز پبلشرز انڈیا نے مبینہ طور پر 10 نومبر کو شائع کیا، اور وی ڈی ساورکر سے متعلق مندرجات اور نسبتوں سے انہیں شدید تشویش لاحق ہوئی۔ صفحہ 201 پر درج جملے پر اعتراض ہے کہ جب کانگریس کے آزادی کے کارکن برطانوی راج کے جبر اور قید و بند سہہ رہے تھے تو آر ایس ایس کے سینئر نظریہ ساز، مثلاً ونایک دامودر ساورکر، اپنے نوآبادیاتی آقاؤں کو رحم کی درخواستیں لکھ رہے تھے اور ان کے اراکین مخبری کرتے ہوئے برطانوی حکام سے سازباز میں تھے۔

نوٹس کے مطابق یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ وی ڈی ساورکر ہندوستانی مجاہدینِ آزادی کے خلاف برطانوی حکام کو اطلاعات دینے یا تعاون کرنے سے وابستہ تھے، جسے ستیاکی ساورکر نے قطعی طور پر رد کرتے ہوئے کہا کہ ساورکر کی اسیری، عرضداشتوں اور سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ تاریخی سیاق میں لیا جانا چاہیے۔

نوٹس مزید یاد دلاتا ہے کہ وی ڈی ساورکر نے برطانوی دور میں طویل قید و بند اور شدید مشقتیں برداشت کیں، جن میں انڈمان کے سیلولر جیل میں قید بھی شامل ہے، اس لیے قید کے دوران عرضداشتوں کے حوالوں کو تنہا پیش کرنا ان کی جدوجہد کی نامکمل اور مسخ شدہ تصویر دکھاتا ہے۔