Friday, November 20, 2026 | 09 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • پی ایم مودی نے مشہور ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6 ؛ سے ہندوستان کی ترقی کا تقابل کیا، کانگریس نے کہا نوجوان ووٹروں کو لبھانے کی کوشش

پی ایم مودی نے مشہور ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6 ؛ سے ہندوستان کی ترقی کا تقابل کیا، کانگریس نے کہا نوجوان ووٹروں کو لبھانے کی کوشش

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 19 Nov 2026

 پی ایم مودی نے مشہور ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6 ؛ سے ہندوستان کی ترقی کا تقابل کیا، کانگریس نے کہا نوجوان ووٹروں کو لبھانے کی کوشش

وزیرِاعظم نریندر مودی نے مشہور ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (GTA VI) کی ریلیز کے موقع پر ہندوستان کی گزشتہ 13 برسوں کی ترقی کو منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 10 سلائیڈز پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں جی ٹی اے سیریز کے پانچویں اور چھٹے ایڈیشن کی ریلیز کے درمیان ہندوستان میں ہونے والی تبدیلیوں کا تقابل کیا گیا ہے۔ مودی نے اپنی پوسٹ کو ’’GTA V سے GTA VI تک، ہندوستان نے کس طرح ترقی کی‘‘ کا عنوان دیا۔

واضح رہے کہ جی ٹی اے 5 ستمبر 2013 میں ریلیز ہوا تھا، جب مرکز میں کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت برسراقتدار تھی۔ اس کے تقریباً آٹھ ماہ بعد نریندر مودی نے وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالا۔ جی ٹی اے 6 کی طویل انتظار کے بعد ریلیز کو مودی نے ہندوستان کی ترقی کو اجاگر کرنے کے موقع کے طور پر استعمال کیا۔

وزیرِ اعظم کی جانب سے شیئر کی گئی سلائیڈز میں ویڈیو گیم کے مخصوص نیون طرز کے رنگوں اور ڈیزائن کو اپنایا گیا ہے۔ ان میں اقتصادی ترقی، شمسی توانائی کی صلاحیت، صفائی مہم اور خلائی شعبے میں اسٹارٹ اپس کی ترقی جیسے موضوعات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ہر سلائیڈ میں ماضی اور موجودہ دور کے اعداد و شمار اور کامیابیوں کا تقابل کیا گیا ہے۔

پوسٹ کی پہلی سلائیڈ میں ہندوستان کو 2013 کے ’فریجائل فائیو‘ یعنی کمزور پانچ معیشتوں کے گروپ سے نکل کر دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ فریجائل فائیو کی اصطلاح 2013 میں عالمی سرمایہ کاری ادارے مورگن اسٹینلے نے ان پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے استعمال کی تھی جو بیرونی سرمایہ کے اتار چڑھاؤ کے حوالے سے زیادہ خطرات کا شکار تھیں۔

 

دوسری جانب کانگریس نے وزیرِ اعظم کی اس مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے نوجوان ووٹروں کو اپنی جانب راغب کرنے کی ایک بے چین کوشش قرار دیا ہے۔
اس پوسٹ کے ذریعے مودی نے نوجوانوں اور آن لائن صارفین سے براہِ راست رابطے کے لیے مقبول گیمنگ کلچر کو سیاسی ابلاغ کا ذریعہ بنایا ہے۔