نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون کے اعلان نے کرکٹ برادری میں حیرت اور ناراض گی کی لہر دوڑا دی ہے۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آتے ہی یہ بحث چھڑ گئی کہ محمد سراج اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو کیوں باہر رکھا گیا۔ ٹیم نے تیز گیندبازوں میں جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، انشل کمبوج اور پرسدھ کرشنا کو موقع دیا ہے، جب کہ واشنگٹن سندر کو بطور آل راؤنڈر شامل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے فوراً بعد سابق کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز نے سوشل پلیٹ فارمز اور نشریاتی مباحثوں میں سلیکشن پر سخت سوالات اٹھائے۔
سابق ہیڈ کوچ اور کرکٹ تجزیہ کار روی شاستری نے ’انڈین اسپورٹس نیٹورک‘ کے ’ایکس‘ ہینڈل پر شائع اپنے بیان میں کہا کہ یہ ٹیم کا انتہائی ناقص انتخاب ہے۔ ان کے مطابق محمد سراج بہترین تیز گیندبازوں میں سے ایک ہیں اور انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی، بھاری ورک لوڈ اور مستقل مزاجی کے باوجود انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف باہر بٹھانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے اسی تناظر میں کہا کہ رویندر جڈیجہ جیسے عالمی معیار کے آل راؤنڈر کو ڈراپ کر کے واشنگٹن سندر کو کھلانا بھی ناقابل فہم ہے۔ شاستری کا ماننا ہے کہ دونوں کھلاڑی پہلے ٹیسٹ میں ضرور کھیلنے کے مستحق تھے اور ٹیم انڈیا کا یہ فیصلہ واقعی مایوس کن ہے۔
سابق کپتان اور لیجنڈری اوپنر سنیل گواسکر نے ’سونی اسپورٹس‘ سے گفتگو میں کہا کہ انہیں پورا یقین تھا سراج اس ٹیسٹ سیریز میں نظر آئیں گے، مگر پلیئنگ الیون میں ان کا نام نہ دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔ گواسکر کے مطابق سراج کی فارم کے بارے میں کوئی تشویش موجود نہیں تھی، اس لیے انہیں باہر رکھنے کی معقول وجہ سمجھ نہیں آتی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب سراج کو حالیہ پانچویں ون ڈے میں کھلایا گیا تو یہ تاثر ملا تھا کہ وہ ٹیسٹ میچ میں بھی شامل ہوں گے، کیونکہ سراج نے شاذونادر ہی ہندوستانی ٹیم کو مایوس کیا ہے۔
معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ وہ سراج کو باہر رکھنے پر حیران اور مایوس ہیں۔ ان کے مطابق سراج نے ہر سونپی گئی ذمہ داری نبھائی، بمراہ کی غیر موجودگی میں بولنگ اٹیک سنبھالا اور مثبت سوچ والے ٹیم پلیئر ثابت ہوئے۔ بھوگلے نے انشل کمبوج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، مگر امید ظاہر کی کہ سراج کے ساتھ اس فیصلے پر صاف گوئی سے بات چیت کی جائے گی تاکہ ان کے اعتماد پر اثر نہ پڑے۔
سابق سلامی بلے باز وریندر سہواگ نے بھی ’انڈین اسپورٹس نیٹورک‘ کے توسط سے کہا کہ انگلینڈ سیریز میں سراج کی شاندار کارکردگی کے بعد انہیں باہر دیکھ کر حیرت ہوئی۔







