حیدرآباد میں پیر 23 نومبر کو راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے ہسٹری شیٹر محمد مرتضیٰ علی المعروف مرتضیٰ پہلوان حمایت ساگر روڈ کے قریب حملہ آوروں کے ایک گروہ کے بہیمانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے علاج کےدوران دم توڑ گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مرتضیٰ پہلوان اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ اپنی زمین پر بیٹھے تھے کہ تقریباً 8 سے 10 افراد نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کر دیا۔
حملہ قریب سے لوہے کی سلاخوں اور تیز دھار ہتھیاروں کے استعمال کے ساتھ بتایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں سر اور جسم پر سنگین زخم آئے۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر انہیں عطا پور کے پرائیوٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا، تاہم علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی دوپہر پیش آیا اور حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
راجندر نگر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفتیشی افسران کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج، مقامی عینی شاہدین کے بیانات اور موبائل کال ڈیٹا کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس یہ پہلو بھی کھنگال رہی ہے کہ آیا یہ قتل پرانے اراضی تنازعات یا غنڈہ گروہوں کی رقابتوں سے جڑا ہوا ہے۔ ابتدائی طور پر کوئی حتمی محرک سامنے نہیں آیا، تاہم اہلکاروں نے کہا کہ شواہد اکٹھا ہونے کے بعد گرفتاریوں کی توقع ہے۔
مرنے والا مرتضیٰ پہلوان ماضی میں متعدد مجرمانہ مقدمات میں نامزد رہ چکا تھا اور راجندر نگر پولیس کے ریکارڈ میں بطور ہسٹری شیٹر درج تھا۔ جون 2015 میں انہیں مارچ 2015 میں میر عالم ٹینک کے قریب سید نثار حسین کے قتل کے مقدمے میں طویل روپوشی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، جسے اس وقت بھی اراضی تنازعہ اور گروہی دشمنی سے جوڑا گیا تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق وہ حریف دھڑوں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا بھی کرتا رہا۔ دسمبر 2021 میں شمس آباد اسپیشل آپریشنز ٹیم نے ایک روڈی شیٹر، فاروق احمد، کو مبینہ طور پر مرتضیٰ پہلوان کو نشانہ بنانے کی سازش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔
حالیہ برسوں میں مرتضیٰ پہلوان مقامی سیاست میں بھی متحرک تھے۔ وہ پہلے بی آر ایس سے وابستہ رہے اور بعد ازاں دارالسلام میں اے آئی ایم آئی ایم قیادت سے ملاقاتیں کیں۔اور مجلس سے وابستہ ہو گئے۔







