Wednesday, October 07, 2026 | 24 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • نریندر مودی کے اقتدار میں 25 سال مکمل، بی جے پی کی خصوصی تقریبات، دہلی میں ٹریفک الرٹ

نریندر مودی کے اقتدار میں 25 سال مکمل، بی جے پی کی خصوصی تقریبات، دہلی میں ٹریفک الرٹ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Md Shahbaz | Last Updated: 07 Oct 2026

نریندر مودی کے اقتدار میں 25 سال مکمل، بی جے پی کی خصوصی تقریبات، دہلی میں ٹریفک الرٹ
وزیر اعظم نریندر مودی نے حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے 25 سال مکمل کر لیے ہیں۔ 7 اکتوبر 2001 کو انہوں نے پہلی بار گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے تقریباً 13 سال تک گجرات کی حکومت کی قیادت کی اور 2014 میں ملک کے وزیر اعظم بنے۔ موجودہ دور میں وہ مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہیں۔ مودی کے 25 سالہ سیاسی سفر کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ’سیوا سنکلپ یاترا‘ کی اختتامی تقریبات گجرات کے وڈنگر اور اتر پردیش کے وارانسی میں منعقد ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم ان تقریبات سے بی جے پی کارکنوں سے ورچوئل خطاب بھی کریں گے۔
 
یہ مہم 17 ستمبر کو شروع ہوئی تھی اور اس کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں سیوا اور عوامی رابطے سے متعلق پروگرام، یاترائیں اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ وڈنگر، جو مودی کی جائے پیدائش ہے، اور وارانسی، جو ان کا پارلیمانی حلقہ ہے، میں اختتامی پروگراموں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بی جے پی کے پروگرام کے پیش نظر دارالحکومت دہلی میں بھی سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اندرا گاندھی اسٹیڈیم کمپلیکس میں ’سیوا جیوتی‘ پروگرام کے باعث صبح 5 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اطراف کی کئی سڑکوں پر ٹریفک پابندیاں نافذ رہیں گی۔
 
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق بہادر شاہ ظفر مارگ، جواہر لال نہرو مارگ، مہاتما گاندھی مارگ، آئی پی مارگ اور وکاس مارگ پر حالات کے مطابق ٹریفک کو موڑا یا ریگولیٹ کیا جا سکتا ہے۔ سیکریٹریٹ روڈ اور ویلوڈروم روڈ پر بھی مخصوص اوقات میں آمدورفت محدود رکھنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے منعقد کی جانے والی یہ تقریبات مودی کے گجرات کے وزیر اعلیٰ بننے سے لے کر وزیر اعظم کے طور پر ان کے موجودہ دور تک کے 25 سالہ سیاسی سفر کے حوالے سے منعقد کی جا رہی ہیں۔