بی سی سی آئی نے نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم میں سب سے اہم نام تیز گیند باز بھونیشور کمار کا ہے، جن کی تقریباً چار سال بعد ہندوستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ 36 سالہ بھونیشور کمار کو نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ٹی20 انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے لیے اپنا آخری بین الاقوامی میچ 22 نومبر 2022 کو نیوزی لینڈ کے شہرنیپئر (Napier) میں کھیلا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی بھی اسی میدان سے ہونے جا رہی ہے۔ بھونیشور کمار کی ٹیم میں واپسی کا فیصلہ منگل کو گوہاٹی کے اے سی اے اسٹیڈیم میں ہونے والی سلیکشن میٹنگ میں کیا گیا۔ اس میٹنگ میں عبوری چیف سلیکٹر پرگیان اوجھا نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری Devajit Saikia اور دیگر سلیکٹرز کے ساتھ مل کر ٹی20 انٹرنیشنل اور انڈیا اے کے اسکواڈز کا انتخاب کیا۔
بھونیشور کمار کی واپسی سے ہندوستان کے فاسٹ بولنگ اٹیک کو تجربے کے ساتھ مزید مضبوطی ملنے کی امید ہے۔ وہ خاص طور پر نئی گیند سے سوئنگ بولنگ کے لیے جانے جاتے ہیں اور پاور پلے کے دوران ان کی لائن اور لینتھ مخالف بلے بازوں کے لیے مشکل پیدا کرتی رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کے حالات میں نئی گیند کے ساتھ سوئنگ حاصل کرنا اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسے میں بھونیشور کا تجربہ ہندوستانی ٹیم کے لیے کارآمد ہو سکتا ہے۔
بھونیشور نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں بھارت کے لیے تینوں فارمیٹس میں کرکٹ کھیلی ہے۔ تاہم گزشتہ کچھ برسوں میں انجریز اور ٹیم کے کمبی نیشن(Combination)کی وجہ سے وہ قومی ٹیم سے باہر رہے۔ اب چار سال بعد ان کی واپسی نے ہندوستانی کرکٹ میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ سب کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ نیپئر (Napier) میں واپسی کے بعد بھونیشور کمار میدان میں کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں اور کیا وہ دوبارہ ٹیم کے فاسٹ بولنگ اٹیک میں مستقل جگہ بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔






