بنگلورو ساؤتھ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SP) کے دفتر کی عمارت کی تیسری منزل سے مبینہ طور پر چھلانگ لگانے کے بعد ایک 'فزیکل ایجوکیشن' ٹیچر کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق استاد پر کئی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات تھے۔
متوفی کی شناخت ششی دھر کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کا تعلق وجے نگر ضلع سے تھا۔ الزامات کے وقت وہ ’Channapatna taluk‘ کے ایک نجی اسکول میں ’فزیکل ایجوکیشن‘ٹیچر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ یہ واقعہ اتوار، 20 ستمبر کو پیش آیا۔ ششی دھر کو گرفتار کیے جانے کے بعد ضروری قانونی کاروائی کے لیے SP آفس کمپلیکس لایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق، واقعے کی پوری صورتحال سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوئی۔ فوٹیج کے مطابق، پولیس اہلکار ششی دھر کو لے جا رہے تھے کہ اسی دوران انہوں نے مبینہ طور پر ساتھ موجود ایک کانسٹیبل کو دھکا دیا۔ اس کے بعد وہ ریلنگ کی طرف بھاگے اور عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ گرنے سے ششی دھر شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ضلعی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔
POCSO شکایت کے بعد گرفتاری
پولیس نے بتایا کہ ششی دھر کو ہفتے کی شام گرفتار کیا گیا تھا۔ جس نجی اسکول میں وہ کام کرتے تھے، وہاں کئی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی گئی تھی۔ شکایت کے بعد ان کے خلاف POCSO ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، اس کے بعد ششی دھر کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد ان کا سرکاری ہسپتال میں طبی معائنہ بھی کیا گیا۔
فنگر پرنٹس لینے کے دوران واقعہ
پولیس کے مطابق، واقعے کے وقت ششی دھر عمارت کی تیسری منزل پر واقع ’Measurement Collection Unit‘ میں موجود تھے، جہاں ان کے فنگر پرنٹس لیے جا رہے تھے۔ فنگر پرنٹس لینے کا عمل مکمل ہونے کے بعد جب انہیں واپس پولیس کی گاڑی کی طرف لے جایا جا رہا تھا تو انہوں نے مبینہ طور پر ساتھ موجود کانسٹیبل کو دھکا دیا اور ریلنگ کی طرف تیزی سے بھاگ کر عمارت سے چھلانگ لگا دی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔ ششی دھر کی موت کے حالات کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔







