Sunday, November 22, 2026 | 11 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • منی پور میں مبینہ زہریلی شراب سے ہلاکتیں: راہل گاندھی کا بی جے پی حکومت پر لاپرواہی کا الزام

منی پور میں مبینہ زہریلی شراب سے ہلاکتیں: راہل گاندھی کا بی جے پی حکومت پر لاپرواہی کا الزام

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 21 Nov 2026

منی پور میں مبینہ زہریلی شراب سے ہلاکتیں: راہل گاندھی کا بی جے پی حکومت پر لاپرواہی کا الزام

لوک سبھا میں اپوزیشن  لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے منی پور میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے ہونے والی اموات پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ منی پور میں زہریلی شراب کے باعث کئی لوگوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے، سوگوار خاندانوں سے گہری ہمدردی ہے اوربیمارلوگوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ ریاست کی بی جے پی حکومت کی انتظامی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلے پرتشدد واقعات نے سینکڑوں گھر اجاڑے اور اب زہریلی شراب خاندانوں کو برباد کر رہی ہے جبکہ حکومت اب بھی غفلت کی نیند سو رہی ہے۔ راہل گاندھی نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری اور سخت کاروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مکمل مدد اور مناسب معاوضہ دیا جائے۔

 رپورٹ کے مطابق یہ سانحہ ریاست کے چنڈیل ضلع میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ 180 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ سرکاری افسران کے مطابق اموات اور متاثرین کے زیادہ تر واقعات 18 سے 20 نومبر کے درمیان چکپیکارونگ سب ڈویژن اور اس کے نواحی علاقوں میں سامنے آئے۔ متعدد سنگین مریضوں کو میتھانول زہرخورانی جیسی علامات کے باعث بہتر علاج کی خاطر امپھال کے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے صحت سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے اور واقعے کی جامع تحقیقات کے احکامات دے دیے ہیں۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ متاثرین میں الٹی، پیٹ درد، چکر آنا، سر درد، نظر دھندلانا اور سانس لینے میں دشواری جیسے واضح آثار پائے گئے، جب کہ کچھ مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں اشارہ ملا ہے کہ مبینہ طور پر استعمال کی گئی شراب پڑوسی ضلع کاکچنگ کے سگنو علاقے سے خریدی گئی تھی، جب کہ چنڈیل میں مقامی سطح پر روایتی شراب سازی کی کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی۔ حکام اس پہلو کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ الکحل مارکیٹ میں کیسے پہنچی اور اس کی ترسیل کے نیٹ ورک میں کون لوگ شامل تھے۔

دریں اثنا جیری بام ضلع انتظامیہ نے عوامی مشاورتی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ یا مشکوک ذرائع سے آنے والے الکحل مشروبات کے استعمال سے اجتناب کریں، اپنی صحت اور حفاظت کو مقدم رکھیں اور کسی بھی مشتبہ فروخت کی فوری اطلاع پولیس اور صحت حکام کو دیں۔ انتظامیہ نے کہا کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی سہولتیں مستعد ہیں اور متاثرہ علاقوں میں نگرانی تیز کر دی گئی ہے، جبکہ تحقیقاتی نتائج کی روشنی میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔