اچانک بے ہوش ہوجانا جسم میں جھٹکے آنا یا چند لمحوں کے لیے اردگرد کی چیزوں سے بے خبر ہوجانا ایسی علامات ہیں جنہیں اکثر لوگ نظر انداز کردیتے ہیں یا ان کے بارے میں غلط فہمیاں پال لیتے ہیں۔ طبی اصطلاح میں اس کیفیت کو دورہ یا سیزر کہا جاتا ہے۔ اگر کسی شخص کو بار بار بغیر کسی فوری وجہ کے دورے پڑیں تو یہ مرگی یعنی ایپی لیپسی کی علامت ہوسکتی ہے۔ یہ ایک اعصابی بیماری ہے جس کے بارے میں بروقت معلومات اور درست علاج انتہائی اہم ہیں۔اسی موضوع پر منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ہیلتھ اور ہم میں ڈاکٹر بمل پرساد پادھی سینئر نیورولوجسٹ CARE ہاسپٹلس نامپلی حیدرآباد نے دوروں اور مرگی کی علامات وجوہات اور علاج کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
دورہ اور مرگی میں کیا فرق ہے؟
دورہ دراصل دماغ میں برقی سرگرمی کے اچانک غیر معمولی ہونے کے باعث پیدا ہوتا ہے۔ اس دوران مریض کے جسم میں جھٹکے آسکتے ہیں وہ کچھ دیر کے لیے بے ہوش ہوسکتا ہے یا اس کی نظر اور توجہ متاثر ہوسکتی ہے۔ بعض دوروں میں مریض بظاہر خاموش رہتا ہے لیکن چند لمحوں کے لیے اردگرد سے رابطہ کھو دیتا ہے۔ہر دورہ مرگی نہیں ہوتا۔ بخار کم شوگر یا جسم میں نمکیات کی کمی جیسی وجوہات سے بھی دورہ پڑسکتا ہے۔ مرگی کی تشخیص کے لیے مریض کی طبی تاریخ اور ضروری ٹیسٹ اہم ہوتے ہیں۔
مرگی کی ممکنہ وجوہات اور علامات
مرگی کی وجوہات میں جینیاتی عوامل دماغی چوٹ پیدائش کے دوران دماغ کو نقصان دماغی انفیکشن فالج اور بعض دیگر اعصابی بیماریاں شامل ہوسکتی ہیں۔ تاہم کئی مریضوں میں واضح وجہ معلوم نہیں ہوپاتی۔دورے کے دوران جسم میں جھٹکے آنا اچانک گر جانا آنکھوں کا ایک طرف مڑنا منہ سے جھاگ آنا یا کچھ وقت کے لیے یادداشت اور شعور متاثر ہونا ممکنہ علامات ہیں۔
علاج اور ابتدائی طبی امداد
مرگی کے زیادہ تر مریضوں میں مناسب ادویات کے ذریعے دوروں کو قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔ بعض پیچیدہ صورتوں میں سرجری یا دیگر جدید طریقہ علاج پر بھی غور کیا جاتا ہے۔ علاج کا انتخاب نیورولوجسٹ مریض کی حالت اور ٹیسٹوں کے مطابق کرتے ہیں۔ مریض کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا بند نہ کرے۔
اگر کسی کو دورہ پڑے کو کیا کرنا چاہئے
اگر کسی شخص کو دورہ پڑے تو اسے محفوظ جگہ پر کروٹ لٹائیں اور اس کے آس پاس موجود سخت یا نوکیلی چیزیں ہٹا دیں۔ اسے زبردستی نہ پکڑیں اور نہ ہی منہ میں کوئی چیز ڈالیں۔ اگر دورہ پانچ منٹ سے زیادہ جاری رہے یا بار بار دورے پڑیں تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔
قارئین منصف ٹی وی کے پروگرام ہیلتھ اور ہم کا مقصد صحت سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا اور عوام تک مفید طبی معلومات پہنچانا ہے۔ مرگی قابل علاج اور قابل انتظام بیماری ہے اور بروقت تشخیص کے ساتھ بہت سے مریض معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں۔ قارئین آپ ڈاکٹر ڈی پردیپ ورما کی مکمل گفتگو یہاں👇 دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی منصف ٹی وی پرصحت سے متعلق ہزاروں ویڈیوز بھی دیکھ سکتےہیں۔







