Friday, October 30, 2026 | 18 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • آندھرا،تلنگانہ: ایس آئی آر شیڈول میں توسیع: نومبر30 کو حتمی فہرست

آندھرا،تلنگانہ: ایس آئی آر شیڈول میں توسیع: نومبر30 کو حتمی فہرست

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 30 Oct 2026

آندھرا،تلنگانہ: ایس آئی آر شیڈول میں توسیع: نومبر30 کو حتمی فہرست
ایس آئی آرشیڈول اے پی اورتلنگانہ میں دوبارہ تبدیل 
دونوں ریاستوں میں حتمی ووٹر لسٹ 30 نومبر کو جاری کی جائےگی
مرکزی الیکشن کمیشن نے سی ای اوز کی درخواست پر شیڈول میں تبدیلی کی
اعتراضات کی آخری تاریخ تلنگانہ میں 26 نومبر اور اے پی میں 20 نومبر 
تلنگانہ میں 2.59 کروڑ اور اے پی میں 42.55 لاکھ ووٹرز حتمی فہرست میں شامل 
 
الیکشن کمیشن آف  انڈیا (ای سی آئی) نے ایک بار پھر دو نوں تلگو ریاستوں، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ووٹرز لسٹ کے خصوصی نظرثانی  مہم (SIR) پروگرام کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز (سی ای او) کی درخواست پر لیا گیا ہے۔ تازہ ترین تبدیلیوں کے ساتھ، دونوں ریاستوں میں حتمی رائے دہندگان کی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔
 
الیکشن کمیشن نے دونوں ریاستوں کے سی ای او کو الگ الگ اس سلسلے میں مطلع کیا ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں اضافہ، تبدیلیوں سے متعلق دعووں اور اعتراضات کو حل کرنے کی آخری تاریخ تلنگانہ میں 26 نومبر اور آندھرا پردیش میں 20 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ دراصل پرانے شیڈول کے مطابق تلنگانہ میں 9 نومبر اور آندھرا پردیش میں 30 اکتوبر کو حتمی فہرست جاری کی جانی تھی۔ تاہم، چونکہ فیلڈ لیول پر عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے، اس لیے ای سی نے سی ای اوز کی درخواست پر آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
 
ای سی نے اپنے احکامات میں واضح کیا ہے کہ نظرثانی شدہ شیڈول کی تفصیلات تمام فیلڈ افسران تک پہنچائی جائیں اور میڈیا کے ذریعے عوام تک اس کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔ اسی طرح سیاسی جماعتوں کو بھی تبدیل شدہ شیڈول کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
 
 
خصوصی نظر ثانی کا عمل شروع ہونے سے پہلے تلنگانہ میں 3,38,26,448 ووٹرز تھے جن میں سے صرف 2,64,87,213 نے اپنی تفصیلات درج کرائی تھیں۔ بقیہ 73,39,235 ووٹرز کی شناخت ہجرت شدہ، متوفی، تبدیل شدہ پتہ اور جعلی ووٹ (ASDD) کے طور پر کی گئی اور انہیں ڈرافٹ لسٹ سے نکال دیا گیا۔
 
موصولہ اطلاع کے مطابق 29 اکٹوبر تک تلنگانہ میں جاری کردہ 92,88,188 نوٹس میں سے 92,81,189 نوٹس رائے دہندوں کو بھیجے گئے۔ ان میں سے 92,08,443 نوٹسز پر جانچ  مکمل ہو چکی ہے۔ اب تک حکام نے حتمی فہرست میں کل 2,59,22,684 ووٹرز کو شامل کرنے کی منظوری دی ہے۔ 
 
ان میں سے 59,31,395 ووٹرز سے متعلق تکنیکی مسائل کو حل کر لیا گیا ہے۔ 2002 کی فہرست سے مزید 30,64,168 افراد کو میپ کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد حکام نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ 50,690 ووٹر فہرست میں شامل ہونے کے اہل نہیں تھے۔
 
آندھرا پردیش کے معاملے میں ووٹر لسٹ میں ترمیم کے سلسلے میں 44,28,858 نوٹسوں پر چھان بین مکمل ہو چکی ہے۔ ان میں سے 42,55,630 ووٹرز کے ناموں کو حتمی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ جانچ کے بعد عہدیداروں نے نتیجہ اخذ کیا کہ 1,73,662 ووٹر فہرست میں شامل ہونے کے اہل نہیں تھے۔