ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں فاسٹ بولر محمد سراج کو شامل نہ کیے جانے کا معاملہ سیاسی تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے الزام لگایا ہے کہ اچھی کارکردگی کے باوجود سراج کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پلیئنگ الیون میں جگہ نہ ملنے کی وجہ ان کا مذہبی پس منظر ہوسکتا ہے۔
اترپردیش کے سہارنپور سے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کی کارکردگی اچھی ہونے کے باوجود اسے ٹیم میں شامل نہیں کیا جاتا تو اس سے امتیازی سلوک کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، انہوں نے کہا کہ سراج کے نام کی وجہ سے انہیں ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی اور اگر اچھی کارکردگی کے باوجود انتخاب نہیں ہوتا تو امتیاز واضح ہے۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس رکن پارلیمنٹ کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے مذہبی امتیاز کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی کے ساتھ مذہب یا ذات کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔ رجیجو نے کہا کہ ہندوستان میں مواقع میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر فراہم کیے جاتے ہیں، مذہب اور ذات کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے نعروں ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ اور ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کا بھی حوالہ دیا۔
محمد سراج کو ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر شروع ہونے والی یہ بحث اب کرکٹ کے میدان سے نکل کر سیاسی حلقوں تک پہنچ گئی ہے۔ ایک طرف کانگریس کی جانب سے انتخاب کے معاملے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں تو دوسری طرف بی جے پی اسے میرٹ اور کھیل کے انتخابی عمل سے جوڑ رہی ہے۔







