Friday, November 20, 2026 | 09 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • تلنگانہ میں آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کا پردہ فاش، 9 گرفتار، 2 ماسٹر مائنڈز کی تلاش جاری

تلنگانہ میں آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کا پردہ فاش، 9 گرفتار، 2 ماسٹر مائنڈز کی تلاش جاری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 20 Nov 2026

تلنگانہ میں آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کا پردہ فاش، 9 گرفتار، 2 ماسٹر مائنڈز کی تلاش جاری

حیدرآباد میں پولیس نے ایک بڑے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کا سراغ لگاتے ہوئے 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جب کہ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے 2 مبینہ ماسٹر مائنڈز کی تلاش جاری ہے۔ یہ کاروائی ملکاجگیری سائبر کرائم پولیس نے اس وقت کی جب ایک شہری، جس کی شناخت سلیم کے نام سے کی گئی ہے، نے شکایت درج کرائی کہ اسے واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے جھانسہ دے کر کل 74 لاکھ روپئے سے محروم کیا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 8 جون کو آغاز پذیر ہوا جب سلیم کو اس کی رضامندی کے بغیر ایک واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا، جہاں متعدد نمبروں سے خود کو مالیاتی ماہر ظاہر کرنے والے افراد مشورے دیتے رہے۔ اسی دوران ایک دوسرا گروپ بھی بنایا گیا جو ایک نامور سیکیورٹیز فرم کے کسٹمر سروس چینل کے طور پر پیش کیا گیا اور وہیں سے سلیم سے رابطہ رکھا گیا۔

تحقیقات میں بتایا گیا کہ ان گروپوں کے منتظمین باقاعدگی سے اسٹاک مارکیٹ کے مشورے، خرید و فروخت کی ہدایات اور بلاک ٹریڈنگ کے منصوبے شیئر کرتے اور 5 سے 50 فیصد تک منافع کے دعوے کرتے رہے، جس سے متاثرہ شخص کا اعتماد حاصل کیا گیا۔ ایک رکن کے روپ میں ایک اور شخص مسلسل منافع نکلوانے کا ڈرامہ کرتا رہا۔ بعد ازاں سلیم کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے موبائل نمبر سے ایک ٹریڈنگ ایپ پر رجسٹر ہو کر مخصوص کھاتوں میں رقم منتقل کرے۔ اس نے ہدایات کے مطابق قسطوں میں ادائیگیاں کیں اور پھر معلوم ہوا کہ اسے دھوکہ دے کر 74 لاکھ روپئے ہتھیالیے گئے۔

تفتیشی افسر نے بینک اسٹیٹمنٹس اور کے وائی سی/اے او ایف تفصیلات کی جانچ کی تو انکشاف ہوا کہ رقم ایک سلسلہ وار کھاتوں کے ذریعے منتقل کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کمیشن کے عوض ایسے بینک کھاتے فراہم کرتے تھے جن میں لوٹی ہوئی رقوم وصول اور آگے بھیجی جاتیں۔