جنوبی کوریا نے جمعرات کو ہونے والے کالج داخلہ امتحان سونونگ میں نقل کے خدشات کے پیش نظر غیر معمولی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق ہر امیدوار کی عینک کی جانچ کی جائے گی اور نگرانی کرنے والے عملہ قمیض کے بٹنوں پر اسٹیکرز لگا کر انہیں سیل کرے گا، جب کہ تقریباً 8,400 اضافی نگران تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی بدنیتی پر فوری نظر رکھی جا سکے۔ حکومت صبح کے وقت ملک گیر ہنگامی انتباہی نظام کے ذریعے تقریباً 10 سیکنڈ تک موبائل فونز پر پنگ بھیجے گی تاکہ اگر کسی نے کوئی آلہ چھپا رکھا ہو تو اس کا سراغ لگایا جا سکے۔ یہ اقدامات مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے ہونے والی نقل کی بڑھتی تشویش کے پس منظر میں اٹھائے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 1,300 مراکز پر 550,000 سے زائد امیدوار یہ امتحان دیں گے، جو ہر سال تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے تعین کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ جنوبی کوریا میں سخت تعلیمی مسابقت کے باعث نوکریوں، سماجی مقام اور حتیٰ کہ شادی کے امکانات بھی ادارے کے انتخاب سے تعلق سے سمجھے جاتے ہیں، اسی لیے شفافیت کو مرکزی اہمیت دی جا رہی ہے۔
حالیہ دنوں میں تشویش اس وقت بڑھی جب ایک قومی ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں اول آنے والے 34 سالہ امیدوار ہان وون سوک نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں اعتراف کیا کہ اس نے مائیکرو کیمرا، اسمارٹ فون اور جنریٹو اے آئی کے ذریعے جوابات حاصل کیے۔ اس کیس سے قبل جون میں انگریزی کے معیاری امتحان اور اکتوبر میں بعض یونیورسٹی مضامین کے ٹیسٹ میں اسمارٹ گلاسز کے ذریعے نقل کے واقعات سامنے آ چکے تھے۔ ہان وون سوک منگل کو سیول پولیس میں تفتیش کے لیے پیش ہوا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم ہان سونگ سوک نے منگل کی نشریاتی بریفنگ میں کہا کہ مشتبہ حرکات پر نگران میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کر سکیں گے اور نقل کے مرتکبین کے لیے امتحانی پابندی ایک سال سے بڑھا کر 10 سال کر دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو کالج طلبہ بہتر یونیورسٹی کے لیے دوبارہ یہ امتحان دے رہے ہیں اور نقل کرتے پکڑے گئے تو نہ صرف 10 سالہ پابندی بلکہ موجودہ ادارے سے اخراج کا بھی سامنا کریں گے۔







