Wednesday, November 18, 2026 | 07 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • قتل مقدمے میں بری ہونے کے باوجود 7 سال سے قید۔30 لاکھ ہرجانہ اداکرنے سپریم کورٹ کا حکم

قتل مقدمے میں بری ہونے کے باوجود 7 سال سے قید۔30 لاکھ ہرجانہ اداکرنے سپریم کورٹ کا حکم

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 17 Nov 2026

 قتل مقدمے میں بری ہونے کے باوجود 7 سال سے  قید۔30 لاکھ ہرجانہ اداکرنے سپریم کورٹ کا حکم

سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں چھتیس گڑھ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ دیوی لال گونڈ نامی شہری کو 30 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرے، جو قتل کے مقدمے میں بری ہونے کے باوجود 7 سال سے زائد عرصہ جیل میں قید رہا۔ یہ فیصلہ جسٹس آگسٹین جارج مسیح اور جسٹس سنجیو سچدیوا پر مشتمل بینچ نے 16 نومبر کے اپنے حکم میں سنایا، اور قرار دیا کہ ملزم کی بریت کی اطلاع جیل حکام تک پہنچائی ہی نہیں گئی، جس سے ریاستی اداروں کی شدید غفلت اور رابطے کے فقدان کا انکشاف ہوتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ دیوی لال نے حکومتی بے حسی اور تاخیر کے باعث اپنی جوانی کا قیمتی حصہ گنوا دیا۔

ریکارڈ کے مطابق دیوی لال گونڈ کو دسمبر 2012 میں تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ اگست 2013 میں ضلع راجناندگاؤں کی سیشن عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنائی۔ اس فیصلے کے خلاف اس نے چھتیس گڑھ ہائی کورٹ میں اپیل کی، جس نے 20 جنوری 2018 کو اس کی سزا اور سزا یافتگی دونوں کو کالعدم قرار دے کر اسے بری کر دیا۔ ریاست نے اس بریت کو چیلنج نہیں کیا۔ تاہم سپریم کورٹ نے نوٹ کیا کہ ہائی کورٹ بظاہر یہ سمجھ بیٹھی تھی کہ سزا معطل ہو چکی ہے اور ملزم ضمانت پر ہے، اسی مفروضے پر اس کے ذاتی اور ضمانتی مچلکوں کو 6 ماہ تک برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ اصل صورت حال—کہ دیوی لال اب بھی جیل میں تھا—ہائی کورٹ کے علم میں ہی نہیں لائی گئی۔

ریاست کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر حلف نامے کے مطابق درگ سنٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے اپریل اور جون 2018 میں قانونی امداد پینل کے وکیل کو اپیل کی پیش رفت پوچھنے کے لیے خط لکھے، مگر رابطہ کاری کی کوتاہی کے باعث اپیل کا حتمی نتیجہ جیل تک نہ پہنچ سکا۔ یہ سنگین خلل 15 مئی 2025 کو ریکارڈ کے جائزے کے دوران سامنے آیا۔ اس کے بعد 19 مئی کو راجناندگاؤں کی سیشن عدالت نے رہائی کا وارنٹ جاری کیا اور اسی روز دیوی لال کو رہا کر دیا گیا، یعنی بریت کے 7 سال بعد۔

بعد ازاں 1 مئی 2026 کو ہائی کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ذاتی آزادی کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے بطور معاوضہ مقرر کیے، جسے ناکافی سمجھتے ہوئے دیوی لال نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے مشاہدہ کیا کہ وہ بریت کے وقت تقریباً 28 سال کا تھا اور رہائی کے وقت تقریباً 35 سال کا، اس لیے معاوضے میں اس کی کھوئی ہوئی آمدنی، مواقع اور باوقار زندگی کی بحالی کے تقاضے شامل ہونے چاہئیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ مؤثر انصاف کے لیے ایسا معاوضہ لازم ہے جو متاثرہ کو خودمختاری کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کے قابل بنائے۔