مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ سویندوادھیکاری نے کولکتہ میں ایک کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ بھارت کے سابق صدر جمہوریہ اور کانگریس کے قدآور رہنما پرنب مکھرجی نے انہیں ترنمول کانگریس چھوڑ کر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ سیاسی سفر جاری رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔ ادھیکاری کے مطابق یہ رہنمائی اس وقت ہوئی جب وہ راشٹرپتی بھون میں پرنب مکھرجی سے ملاقات کے لیے گئے تھے، اور بعد ازاں بھی انہیں پرنب مکھرجی رہ نمائی کی ۔ یہ باتیں انہوں نے کولکتہ میں منعقدہ اکنامک ٹائمز بنگال ایسیینڈز کانفرنس میں کہیں۔
ادھیکاری نے بتایا کہ پرنب مکھرجی نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ کسی اور کی قیادت میں ہی رہنا چاہتے ہیں یا وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مل کر اپنی سیاسی منزل کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔ ادھیکاری کے بقول، پرنب مکھرجی کا کہنا تھا کہ جو لوگ خود سیاسی طور پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں انہیں بروقت درست فیصلہ کرنا چاہیے۔ ادھیکاری نے یہ بھی کہا کہ پرنب مکھرجی نے ترنمول کانگریس کی داخلی ڈھانچے پر تنقید کی اور کہا کہ پارٹی دراصل ممتا بنرجی اور ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے مکمل کنٹرول میں ہے، جیسے کسی کمپنی میں چیئرپرسن اور مینیجنگ ڈائریکٹر امور سنبھالتے ہیں۔
ادھیکاری نے بیان کیا کہ اسی پس منظر میں انہوں نے اپنے سیاسی مستقبل کے لیے خود مختار راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور آخرکار 2020 میں ٹی ایم سی چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ وہ کبھی ممتا بنرجی کے نہایت قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے، تاہم بی جے پی میں شمولیت کے بعد وہ مغربی بنگال میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے نمایاں حامی بنے۔ ادھیکاری نے واضح کیا کہ پرنب مکھرجی ان کے نزدیک صرف سیاسی مشیر نہیں بلکہ سرپرست کی حیثیت رکھتے تھے، اور نظریاتی اختلاف کے باوجود وہ ان کا گہرا احترام کرتے ہیں۔
اس سوال پر کہ یہ گفتگو کب ہوئی، ادھیکاری نے کوئی مخصوص تاریخ نہیں بتائی اور کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ مرحوم رہنما کے بارے میں کوئی نئی تنازعہ پیدا ہو۔ قابل ذکر ہے کہ پرنب مکھرجی 2012 سے 2017 تک بھارت کے 13ویں صدر رہے اور اس سے پہلے وہ کانگریس میں انتہائی نمایاں عہدوں پر فائز رہے۔ وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے قائدین سے بھی سیاسی و ذاتی سطح پر اچھے روابط رکھتے تھے، جس پر بعض کانگریسی قائدین نے اس وقت تنقید کی تھی۔
حال ہی میں سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب
Belonging: A Journey of Love میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ پرنب مکھرجی کے دل میں وزیر اعظم بننے کی خواہش تھی، جس پر پرنب کی صاحبزادی شرمشٹھا مکھرجی نے سخت اعتراض کیا۔ ادھیکاری کے تازہ بیان کے بعد پرنب مکھرجی کے سیاسی روابط اور ان کی مبینہ سیاسی نصیحتیں دوبارہ موضوع بحث بن گئی ہیں، اور اب نگاہیں اس بات پر ہیں کہ کانگریس لیڈر اس انکشاف پر کیا ردعمل دیتے ہیں۔






