Thursday, November 26, 2026 | 15 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • آنند موہن کی رہائی منسوخ ہونے پر تیجسوی یادو کا نتیش حکومت پر حملہ، فیصلوں میں سیاسی مفاد کا الزام

آنند موہن کی رہائی منسوخ ہونے پر تیجسوی یادو کا نتیش حکومت پر حملہ، فیصلوں میں سیاسی مفاد کا الزام

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 26 Nov 2026

آنند موہن کی رہائی منسوخ ہونے پر تیجسوی یادو کا نتیش حکومت پر حملہ، فیصلوں میں سیاسی مفاد کا الزام

سابق رکن پارلیمنٹ آنند موہن کی قبل از وقت رہائی منسوخ ہونے کے بعد بہار کی سیاست میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد آر جے ڈی لیڈر اور بہار اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف تیجسوی یادو نے نتیش کمار حکومت اور بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔

جمعرات، 26 نومبر کو پٹنہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے الزام لگایا کہ نتیش کمار اور بی جے پی اپنی سیاسی ضرورت کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، جب آنند موہن کی ضرورت تھی تو انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا، لیکن اب جب ان کی ضرورت نہیں رہی تو انہیں دوبارہ جیل بھیجا جا رہا ہے۔

تیجسوی یادو نے اس سلسلے میں اننت سنگھ کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اننت سنگھ کے گھر سے اے کے-47 ملنے کے باوجود، جب سیاسی طور پر ان کی ضرورت تھی تو یہ کہا گیا کہ کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا۔ تیجسوی نے دعویٰ کیا کہ اب اگر اننت سنگھ مخالفت کریں گے تو انہیں بھی جیل بھیجا جا سکتا ہے۔

انہوں نے نتیش کمار کے اس سابقہ دعوے پر بھی سوال اٹھایا کہ ان کی حکومت نہ کسی کو بچاتی ہے اور نہ کسی کو پھنسا تی ہے۔ تیجسوی کے مطابق، موجودہ صورتحال میں حکومت کے فیصلے اس دعوے کے برعکس دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری جانب، آر جے ڈی کے ترجمان اعجاز احمد نے کہا کہ اس معاملے میں عدالتی کارروائی کے ساتھ سیاسی پہلو بھی واضح نظر آتا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مقتول ضلع مجسٹریٹ کی اہلیہ کی عرضی پر آنند موہن کی قبل از وقت رہائی سے متعلق معاملے میں 2023 کی ترمیم پر سوال اٹھائے۔ عدالت کے مطابق، یہ ترمیم اچانک کی گئی اور اس کے پیچھے کوئی واضح معقول عوامی مقصد ثابت نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے اسے آئین کی دفعات 14 اور 21 کے خلاف قرار دیتے ہوئے آنند موہن کو ایک ماہ کے اندر خودسپردگی کرنے کا حکم دیا ہے۔