اتراکھنڈ سول ایوی ایشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (UCADA) کے سی ای او پرتیک جین نےبتایا کہ بدری ناتھ دھام (ضلع چمولی) سے دہرادون جانے والا ایک ہیلی کاپٹر، جو جمعہ کی دوپہر سے لاپتہ ہو گیا تھا، حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں پائلٹ سمیت ہیلی کاپٹر پر سوار تمام چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر آج دن میں اڑان بھرنے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔
ہیلی کاپٹرمیں سوار تمام افراد کی موت
ٹرانس بھارت کا ایک ہیلی کاپٹر جس کا رجسٹریشن نمبر VT-HCX ہے، جمعہ کو اتراکھنڈ کے چمولی کے جوشی مٹھ قصبے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ واقعے کے وقت ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت چھ افراد سوار تھے۔مبینہ طور پر ہیلی کاپٹر فاٹا سے بدری ناتھ مندر کی طرف اڑ رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔ مرنے والے مسافروں کی شناخت پرتاپ، ارون، شنکر گوڑا، سدھیر کے اور ایس ایس نٹراج کے طور پر کی گئی ہے۔ پائلٹ کی شناخت ہمانشو کے طور پر ہوئی ہے۔
ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ
ایس ڈی ایم (SDM) جوشی مٹھ کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ جوشی مٹھ کے علاقے میں ’چائی‘ گاؤں کے اوپر ایک ہیلی کاپٹر ہنگامی طور پر کریش لینڈنگ ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں، یو سی اے ڈی اے (UCADA) کے حکام نے بتایا کہ ’ٹرانس بھارت‘ (Trans Bharat) کمپنی کا ایک ہیلی کاپٹر، جو بدری ناتھ سے سہستر دھارا جا رہا تھا، ’چائی‘ گاؤں کے اوپر واقع آرمی کیمپ کے قریب موجود ہے۔ اس ہیلی کاپٹر میں 5 مسافر اور ایک پائلٹ سوار ہیں۔
وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جوشی مٹھ کے قریب چھائی گاؤں کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نےحادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایس ڈی آر ایف کو ساتھ مل کر ایک مشترکہ بچاؤ آپریشن کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور شدید زخمی مسافروں کو فوری طور پر ہوائی جہاز سے بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مراکز میں منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اتراکھنڈ میں موسم خراب
یہ واقعہ اتراکھنڈ میں موسم کی خراب صورتحال کے درمیان پیش آیا ہے، ریاست کے کئی حصوں میں بارش اور برف باری کی اطلاع ہے۔ دریں اثنا، کیدارناتھ دھام نے جمعرات (29 اکتوبر) سے مسلسل برف باری کے بعد سیزن کی پہلی بھاری برف باری دیکھی۔ آس پاس کی پہاڑیاں برف کی موٹی چادر میں ڈھکی ہوئی تھیں، جبکہ خطے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔ دہرادون کے موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایس تومر نے کہا کہ بارش کی سرگرمیاں اگلے چند دنوں تک جاری رہنے کی توقع ہے، خاص طور پر پہاڑی اضلاع میں، کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔






