Friday, November 20, 2026 | 09 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • بنگلہ دیش میں پُرتشدد ہنگامے، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش، ڈھاکہ بم دھماکوں سے گونج اُٹھا

بنگلہ دیش میں پُرتشدد ہنگامے، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش، ڈھاکہ بم دھماکوں سے گونج اُٹھا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 19 Nov 2026

بنگلہ دیش میں پُرتشدد ہنگامے، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش، ڈھاکہ بم دھماکوں سے گونج اُٹھا

بنگلہ دیش کی دارالحکومت ڈھاکہ میں جمعرات 19 نومبر 2026 کی صبح خام بموں کے متعدد دھماکوں سے دہل گیا۔ جبکہ سابق عبوری حکومت کے سربراہ اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے آبائی گھر کو چٹّوگرام کے پنچلائش علاقے میں نامعلوم افراد نے آگ لگادی۔ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کی قیادت والی ممنوعہ عوامی لیگ نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی کال دی۔

پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق کم از کم 4 افراد زخمی ہوئے اور شہر بھر میں توڑ پھوڑ، آتش زنی اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز اشیاء پھینکے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ 10 دنوں میں 28 اضلاع میں درجنوں خام بم دھماکوں اور گاڑیوں کو جلانے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہوئے۔ چٹّوگرام میں یونس کے آبائی مکان پر حملے سے قبل ملک کے مختلف حصوں میں ان کی گرامین بینک کی کئی شاخوں کو بھی نذرِ آتش کیا گیا۔

اخباری اطلاعات کے مطابق دارالحکومت ڈھاکہ میں عوامی لیگ کے 2 قائدین کے گھروں پر بھی رات کے اندھیرے میں حملے یا آتش زنی کی گئی، جن کے پیچھے مبینہ طور پر وزیرِاعظم طارق رحمان کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے حامی عناصر کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے رات بھر سکیورٹی بڑھا دی، بڑے فلائی اوورز پر اضافی نفری تعینات کی، داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ اور موٹر سائیکل سواروں سے پوچھ گچھ کی۔ لاک ڈاؤن کی کال ایک سال قبل سنائی گئی اس خصوصی ٹربیونل کے فیصلے کی برسی کے موقع پر دی گئی جس میں شیخ حسینہ کو عدم موجودگی میں انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

جنوبی ایشیائی ملک جس کی آبادی تقریباً 170 ملین ہے، مغربی ایشیا کے تنازعہ سے جنم لینے والے ایندھن بحران سے بھی دوچار ہے۔ حکام کے مطابق حساس اضلاع خصوصاً جنوب مغربی گوپال گنج سمیت متعدد علاقوں میں بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے ہزاروں نیم فوجی اہلکار تعینات کر دیے گئے۔ ڈھاکہ میں بدھ 18 نومبر 2026 کی نصف شب شروع ہونے والی کارروائیوں میں پولیس نے 24 گھنٹوں میں 565 افراد کو حراست میں لیا جن میں سابق وزیرِتعلیم نورالاسلام نہید بھی شامل ہیں جنہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔