شاہدرہ کے علاقے فرش بازار کی بہاری کالونی میں قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر تین افراد پر فائرنگ کر دی۔ حملے میں تین افراد کو گولیاں لگیں جن میں سے چچا اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے ۔جب کہ اس شخص کا بیٹا گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ہے۔جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
بتادیں کہ اس دردناک واقعے کو حملہ آوروں نے جمعرات کی رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب گولیوں کے 5 راؤنڈ فائر کے ساتھ انجام دیا ہے۔
اہل خانہ اور عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور اسکوٹر پر آۓتھے۔ انہوں نے پہلے مقتول کے پاؤں چھوئے اور پھر گولیاں برسانا شروع کر دیں۔
گولیوں کی آواز سن کر مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور سبھی کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے آکاش شرما اور رشبھ شرما کو مردہ قرار دے دیا۔جبکہ زخمی کرش شرما کی حالت تشویشناک ہے۔
مقتول کی والدہ کے مطابق وہ حملہ آور کو پہچانتے ہیں اور اس کا کئی سالوں سے زمین کے تعلق سے ان سے تنازع چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3-4 دنوں سے حملہ آور کو اکثر ان کی گلی میں گھومتے دیکھا گیا تھا۔