Wednesday, September 09, 2026 | 25 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • راجستھان میں اربن لوکل باڈی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری

راجستھان میں اربن لوکل باڈی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Sep 09, 2026 IST

راجستھان میں اربن لوکل باڈی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری
راجستھان میں اربن لوکل باڈی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی، جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابات کو پرامن اور منصفانہ طریقے سے مکمل کرانے کے لیے پولنگ مراکز پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بزرگ اور ضعیف ووٹرس کے لیے بھی خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
 
پہلے مرحلے میں 162 شہری بلدیاتی اداروں کی 5,393 کونسلر نشستوں کے لئے 20 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ ان اداروں میں 4 میونسپل کارپوریشنز، 27 میونسپل کونسلز اور 131 میونسپلٹیز شامل ہیں۔ ووٹنگ کے دوران بعض مقامات پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین یعنی ای وی ایم میں تکنیکی خرابی کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ الور شہر کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ای وی ایم کے کام نہ کرنے پر ووٹروں نے اعتراض کیا۔ اسی طرح سوائی مادھوپور اور جودھپور میں بھی ای وی ایم کی خرابی کے باعث پولنگ مراکز پر ووٹروں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔
 
حکام کے مطابق 162 شہری اداروں کے 7,683 پولنگ اسٹیشنوں پر مجموعی طور پر 57,52,278 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ جے پور ضلع میں 18 شہری اداروں کے 565 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ راجستھان میں مجموعی طور پر 309 شہری بلدیاتی اداروں کے لیے انتخابات دو مرحلوں میں کرائے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 9 ستمبر جبکہ دوسرے مرحلے کی پولنگ 11 ستمبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 14 ستمبر کو کی جائے گی۔
 
دریں اثنا، مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے بھی شہری بلدیاتی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالا۔ وہ وارڈ نمبر 6 کے بوتھ نمبر 4 پر پہنچے اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کو ووٹنگ کے لیے آتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے تمام اہل ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ووٹ کا ضرور استعمال کریں۔ انتخابات کے دوران انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹنگ کے عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔