مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کا 20 ویں سیزن شروع ہو چکا ہے۔ سلمان خان کی میزبانی میں شو کا آغاز 6 ستمبر 2026 کو ہوا، جس میں 16 امیدواروں نے شرکت کی۔ اس سیزن میں کنیکا مان، ایشا رِکھی اور قاضی توقیر سمیت کئی مشہور شخصیات شامل ہیں۔ شو شروع ہونے کے چند دنوں میں ہی قاضی توقیر نے اپنی گلوکاری اور دلچسپ انداز سے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ شو اور لائیو فیڈ سے متعلق ان کی کئی ویڈیوز بھی وائرل ہو چکی ہیں۔ انہیں گانے گاتے، دوسرے امیدواروں سے بحث کرتے اور رات میں گھر کے ساتھیوں کو جگاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
قاضی کا جملہ ’آئی ایم اے راک اسٹار بے بی، آؤ!‘ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ اب مقبول پلے بیک گلوکار اریجیت سنگھ نے بھی قاضی توقیر کی حمایت کی ہے۔
اریجیت سنگھ پہلی بار ’بگ باس‘ دیکھیں گے
اریجیت سنگھ اور قاضی توقیر کا تعلق 2005 کے ریئلٹی شو ’فیم گروکل‘ سے ہے۔ دونوں اس شو میں شریک ہوئے تھے۔ بدھ کے روز اریجیت سنگھ نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر لکھا، ’’مجھے اپنی زندگی میں پہلی بار ’بگ باس‘ دیکھنا پڑے گا کیونکہ اپنا راک اسٹار قاضی وہاں موجود ہے۔‘‘
قاضی توقیر کون ہیں؟
قاضی توقیر گلوکار ہیں۔ وہ 2005 میں ریئلٹی شو ’فیم گروکل‘ جیتنے کے بعد مشہور ہوئے تھے۔ اسی مقابلے میں انہوں نے اریجیت سنگھ کو شکست دی تھی۔ 41 سالہ قاضی گلوکاری کے ساتھ اداکاری بھی کر چکے ہیں۔ وہ 2015 کی فلم ’فینٹم‘ کے مشہور گانے ’افغان جلیبی‘ کی میوزک ویڈیوں میں بھی نظر آئے تھے۔ یہ گانا کترینہ کیف پر فلمایا گیا تھا اور ریلیز ہوتے ہی مقبول ہو گیا تھا۔ قاضی نے اس گانے کے لیے اپنی آواز نہیں دی تھی۔
قاضی توقیر کا ’فیم گروکل‘ کا سفر
قاضی نے روپ ریکھا بنرجی کے ساتھ ’فیم گروکل‘ جیتا تھا۔ دونوں کو 20 اکتوبر 2005 کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔ بعد میں دونوں ’فیم جوڑی‘ کے نام سے مشہور ہوئے۔ اس شو میں نوجوان اریجیت سنگھ نے بھی حصہ لیا تھا۔ بعد میں وہ ملک کے مقبول پلے بیک گلوکاروں میں شامل ہوئے۔
’فیم گروکل‘ کے بعد قاضی نے کیا کیا؟
’فیم گروکل‘ جیتنے کے بعد قاضی اور روپ ریکھا نے ’یہ پل‘ نام سے ایک البم جاری کیا۔ قاضی نے ’کروں کیا‘ اور ’ہیرو‘ سمیت کئی گانے بھی ریکارڈ کیے۔
اس کے بعد قاضی نے اداکاری میں بھی قسمت آزمائی۔ انہیں فلم ’ٹیک آف‘ کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا، لیکن یہ فلم کبھی ریلیز نہیں ہو سکی۔ کئی سال بعد قاضی ’افغان جلیبی‘ کی میوزک ویڈیوں میں نظر آئے، جس سے ان کے کیریئر میں ایک اور اہم کامیابی کا اضافہ ہوا۔
’بگ باس 20‘ کہاں دیکھیں؟
بگ باس 20‘ روزانہ رات 9 بجے جیو ہاٹ اسٹار پر اسٹریم ہوتا ہے، جبکہ رات 10:30 بجے کلرز ٹی وی چینل پر نشر کیا جاتا ہے۔