Monday, December 08, 2025 | 17, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • سری چرانی کا آندھراپردیش میں شانداراستقبال۔ حکومت نے کی انعامات کی بارش

سری چرانی کا آندھراپردیش میں شانداراستقبال۔ حکومت نے کی انعامات کی بارش

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Nov 07, 2025 IST

سری چرانی کا آندھراپردیش میں شانداراستقبال۔ حکومت نے کی انعامات کی بارش
آندھراپردیش حکومت نے، آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں شاندار کارکردگی پر ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی رکن مس سری چرانی کے لیے انعامات کے ایک فراخ دلانہ پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے سری چرانی کو ڈھائی کروڑ روپے کے انعام اور ایک ہزار مربع گزکے رہائشی پلاٹ کا اعلان کیا۔ اور ساتھ ہی  انھوں نے چرانی کو گروپ I کے عہدے کی پیشکش بھی کی ہے۔سری چرانی نے جمعہ کو  امرواتی  میں سی ایم کیمپ آفس میں وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو اور ریاستی  وزیر نارا لوکیش سے ملاقات کی۔ دونوں نے انہیں اس کامیابی پرچرانی کو  مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ جیت کر ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ہندوستانی خواتین کی طاقت کو پوری دنیا کے سامنے ظاہر کردیا ہے۔
 
اس موقع پر سری چرانی اور ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان میتھالی راج نے وزیر اعلیٰ کو کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے دستخط شدہ ٹی شرٹ پیش کی۔قبل ازیں سری چرانی کا وجئے واڑہ ہوائی اڈے پر وزراء ونگلا پوڈی انیتا، ایس سویتا، گمادی سندھیرانی، آندھرا کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کیسینی شیو ناتھ، سکریٹری ثنا ستیش اور ایس اے اے پی کے چیئرمین انیمینی رویناائیڈو نے شاندار استقبال کیا۔
 
واضح رہےکہ ٹیم انڈیا نے اپنی 52 سالہ تاریخ میں پہلی بار عالمی خطاب اپنے نام کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر نہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے انعامی رقم ملی بلکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھی کھلاڑیوں اور معاون عملے کو اہم انعامات سے نوازا۔
 
 
بی سی سی آئی کی انعامی رقم نمایاں طور پر آئی سی سی سے زیادہ ہے۔ جہاں ہندوستانی ٹیم کو 2025 کا خواتین کا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے آئی سی سی سے تقریباً 40 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی، وہیں بی سی سی آئی نے ٹیم انڈیا کی ورلڈ کپ جیتنے کے لیے 51 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس رقم میں ٹیم انڈیا کے تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور معاون عملے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ نتیجتاً، ہندوستانی ٹیم کو عالمی چیمپئن بننے کے لیے کل 91 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی۔
 
2025 ورلڈ کپ جیتنے پر ہندوستانی خواتین کی ٹیم کو ملنے والی انعامی رقم 2023 ورلڈ کپ میں مردوں کی ٹیم کو ملنے والی انعامی رقم سے زیادہ ہے۔ آسٹریلیا نے 2023 کا مینس ورلڈ کپ جیتا تھا جو بھارت میں کھیلا گیا تھا۔ روہت شرما کی کپتانی میں بھارت کو فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ورلڈ کپ کے لیے کل انعامی رقم 89 کروڑتھی۔ وہیں 2025 خواتین کے ورلڈ کپ کے لیے کل انعامی رقم 123کروڑ تھی۔