چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کوڑنگل کے ضلع پریشد ہائی اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ میونسپلٹیوں اور کارپوریشنوں کیلئے ہورہے انتخابات میں اپنے ووٹ کا ضرور استعمال کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ووٹ ہر شہری کا جمہوری حق ہے جس کا ضرور استعمال کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹنگ فیصد میں اضافہ کو یقینی بنانا ہر شہری کا فرض ہے اس لئے میں عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اپنے حق رائے ہی سے استفادہ کریں۔ چیف منسٹر نے عوام کو مشورہ دیاکہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعہ عوامی خدمات کا ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کا انتخاب کریں۔
ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کھمم کی مدھیرا میونسپلٹی کے تحت وارڈ نمبر 9 کیلئے اندرا ڈیری پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا ووٹ ڈالا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ کی عوام سے آج ہورہے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ بھٹی نے کہاکہ ہم اپنے ووٹ کے ذریعہ ہی اپنی پسند کے لیڈر اور حکومت کو منتخب کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ جمہوریت میں ووٹ سب سے برا ہتھیار ہے جس کا ہر اہل شہری کو ضرور استعمال کرنا چاہئے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ہورہے انتخابات کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنا جمہوری فرض ادا کریں۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ جمہوریت میں ووٹ ہمارا ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ ہر کوئی اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے ووٹنگ فیصد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کریں۔
کانگریس لیڈر اور ریاستی وزیر ویویک وینکٹ سوامی نے آج منچریال میں جاری بلدی انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس حکومت کی جانب سے عوام کو پہنچائی جانے والی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعہ عوامی خدمت کا ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کو منتخب کریں۔ اس دوران انہوں نے بی آر ایس کی سابقہ حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔