Tuesday, December 30, 2025 | 10, 1447 رجب
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی میں شدید سردی کی لہر، عام زندگی بری طرح متاثر، سڑکیں سنسان

دہلی میں شدید سردی کی لہر، عام زندگی بری طرح متاثر، سڑکیں سنسان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Dec 30, 2025 IST

دہلی میں شدید سردی کی لہر، عام زندگی بری طرح متاثر، سڑکیں سنسان
دہلی میں شدید سردی کے ساتھ گھنا کہرا چھا گیا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ آج صبح سے ہی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ نہایت کم ریکارڈ کی گئی، جس کا سب سے زیادہ اثر ہوائی، ریل اور سڑک ٹریفک پر پڑا ہے۔آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری سے موصول ہونے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھنے کہرے کے سبب پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی، کئی فلائٹس تاخیر کا شکار رہیں جبکہ بعض کو ری شیڈیول کیا گیا۔ مسافروں کو ایئرپورٹ پر انتظار کرتے دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہند میں سرد ہواؤں کے چلنے اور نمی میں اضافے کے باعث آنے والے دنوں میں بھی کہرے کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 
 
 
یوم جمہوریہ کی پریڈ کی ریہرسل انڈیا گیٹ پر جاری
 
وہیں دوسری طرف یوم جمہوریہ کی پریڈ کی ریہرسل انڈیا گیٹ پر جاری ہے۔ جہاں گھنے کہرے کے باوجود فوجی دستے، نیم فوجی فورسز اور دیگر دستے پوری مستعدی کے ساتھ مشقوں میں مصروف نظر آئے۔ سرد موسم اور محدود حدِ نگاہ کے باوجود ریہرسل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئی۔
ریہرسل کے دوران مارچ پاسٹ، سلامی اور دیگر اہم مشقیں انجام دی گئیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور علاقے میں پولیس و دیگر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔حکام کے مطابق 26 جنوری کو منعقد ہونے والی یومِ جمہوریہ پریڈ کے لیے تمام تیاریاں طے شدہ منصوبے کے تحت جاری ہیں، تاکہ قومی تہوار شاندار اور محفوظ انداز میں منایا جا سکے۔
 
 فضائی آلودگی پر کانگریس کا دہلی حکومت پر حملہ 
 
دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے راجدھانی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کا ماحول دن بہ دن زیادہ آلودہ ہوتا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے کئی سنگین وجوہات ہیں، جن پر سنجیدگی سے غور کرنا نہایت ضروری ہے۔دیویندر یادو نے واضح طور پر کہا کہ صاف اور صحت مند ہوا میں سانس لینا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جسے کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت اور سماج دونوں کو مشترکہ ذمہ داری نبھانی ہوگی۔