بالی ووڈ کی معروف فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان کو اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز (AMPAS) کی رکنیت کے لیے دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ یہی ادارہ ہر سال آسکر ایوارڈز کو منعقد کرتا ہے۔
فرح خان نے خوشی کا اظہار کیا
فرح خان نے سوشل میڈیا پر اس خبر کو اپنے فینزکے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کی سب سے باوقار فلمی تنظیموں میں شامل ہونے کی دعوت ملنے پر بے حد خوش اور پْرجوش ہیں۔دعوت نامہ قبول کرنے کے بعد وہ اکیڈمی کی ووٹنگ ممبر بن جائیں گی اور آئندہ آسکر ایوارڈز میں نامزد فلموں اور فاتحین کے انتخاب میں ووٹ ڈال سکیں گی۔
529 فلمی شخصیات کو دعوت
اس سال 529 فلمی شخصیات کو دعوت دی گئی ہے ۔اکیڈمی ہر سال دنیا بھر کے ممتاز فلم سازوں اور فنکاروں کو رکنیت کی دعوت دیتی ہے۔ اس سال مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 529 فلمی ماہرین کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔اسمیں دیگر بھارتی شخصیات بھی شامل ہے فرح خان کے علاوہ معروف فلم ساز وشال بھردواج کو بھی اکیڈمی کی رکنیت کی دعوت ملی ہے۔
اس فہرست میں اور کون کون ہیں؟
اس فہرست میں سینئر ایڈیٹرز اے سری کر پرساد اور دیپا بھاٹیہ بھی شامل ہیں۔ دیپا بھاٹیہ دل چاہتا ہے، ساتھیا، تارے زمین پر، راک آن،، کائی پوچے ، اور آر آر آر جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔اس کے علاوہ کاسٹیوم ڈیزائنر Eka Lakhani، کاسٹنگ ڈائریکٹر دلیپ شنکر، دستاویزی فلم ساز شالنی کنتایا، اینیمیشن سے وابستہ اونیت کور، پروڈکشن اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے راجیش رام چندرن اور ویژول ایفیکٹس کے ماہرین بیکی گراہم(Becky Graham ) اور جے مہتا بھی دعوت پانے والوں میں شامل ہیں۔دعوت نامہ قبول کرنے کے بعد یہ تمام افراد اکیڈمی کے 11 ہزار سے زائد عالمی اراکین کا حصہ بن جائیں گے اور آسکر ایوارڈز میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔
فرح خان کام کے محاذ پر
فرح خان ان دنوں اپنی یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے بھی فینز کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ وہ Netflix کے ریئلٹی شو Lock Upp: Sach Ya Sazaa – Season 2 کی شریک میزبان بھی ہیں، جہاں وہ اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر رتیش دیش مکھ کے ساتھ شو کی میزبانی کر رہی ہیں۔
شو میں اب تک سنیتا آہوجا، پامیلا سرینا، شیوانگی جوشی، صوفی موتی والا، شریا کالرا، ریاض علی، شریشتا ایر، دھیرج دھوپر، رام کپور، یوگیش راوت، آکانکشا چودھری، ہرشد چوپڑا، ورون یادو، آکانکشا چمولا(Akanksha Chamola) اورمادھوری سمیت 15 مدمقابل شریک ہو چکے ہیں۔