• News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • سواری ملنے کے لیے اب ٹِپ دینے کی ضرورت نہیں، اولا، اوبر اور ریپیڈو کو حکومت کی سخت ہدایت

سواری ملنے کے لیے اب ٹِپ دینے کی ضرورت نہیں، اولا، اوبر اور ریپیڈو کو حکومت کی سخت ہدایت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 13, 2026 IST

سواری ملنے کے لیے اب ٹِپ دینے کی ضرورت نہیں، اولا، اوبر اور ریپیڈو کو حکومت کی سخت ہدایت
مرکزی حکومت نے اولا، اوبر اور ریپیڈو سمیت ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اپنی ایپس سے سواری شروع ہونے سے پہلے ٹِپ دینے کا آپشن ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ سڑک ٹرانسپورٹ وزارت نے تمام ٹیکسی ایپس کو 2025 میں بنائے گئے حکومتی ٹرانسپورٹ قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ٹِپ دینے کے لیے اس طرح مجبور یا متاثر نہیں کیا جانا چاہیے کہ انہیں لگے کہ ٹِپ دینے سے ان کی سواری جلدی مل جائے گی۔

سواری سے پہلے ٹِپ کا آپشن نہیں ہوگا

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اولا، اوبر اور ریپیڈو جیسی ایپس میں سواری بک کرتے وقت یا سواری شروع ہونے سے پہلے ٹِپ دینے کا کوئی آپشن نہیں ہونا چاہیے۔ اسی طرح سفر کے دوران بھی ٹِپ دینے کے لیے کوئی ایسا پیغام یا آپشن نہیں دکھایا جائے گا جس سے مسافر کو یہ محسوس ہو کہ ٹِپ دینے سے ڈرائیور اس کی سواری جلد قبول کرے گا یا اسے بہتر سروس ملے گی۔ مثلاً ایپ پر ایسے پیغامات یا آپشنز نہیں ہونے چاہئیں جن میں کہا جائے کہ "پہلے ٹِپ دیں، ٹِپ دینے سے سواری جلد ملنے کا امکان ہے" یا "ٹِپ دینے سے ڈرائیور کے سواری قبول کرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

ٹِپ صرف سواری مکمل ہونے کے بعد دی جا سکے گی

مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ مسافر اگر ڈرائیور کو ٹِپ دینا چاہتا ہے تو وہ سواری مکمل ہونے کے بعد ایسا کر سکتا ہے۔ یعنی ٹِپ دینا مکمل طور پر مسافر کی اپنی مرضی ہوگی۔ سواری حاصل کرنے کے لیے ٹِپ دینا ضروری نہیں ہوگا۔

ٹِپ دینے سے سواری جلد نہیں ملے گی

حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ٹِپ کو سواری کی تصدیق، ڈرائیور کے سواری قبول کرنے، انتظار کے وقت یا سروس کے معیار سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر کوئی مسافر ٹِپ نہیں دیتا تو اس کی سواری حاصل کرنے کے امکانات کم نہیں ہونے چاہئیں. 

ڈرائیور کو پوری ٹِپ ملے گی

حکومت نے ٹِپ کی رقم سے متعلق بھی اہم ہدایت دی ہے۔ اگر مسافر سواری مکمل ہونے کے بعد ڈرائیور کو ٹِپ دیتا ہے تو اس رقم کا پورا حصہ ڈرائیور کو ملنا چاہیے۔ ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ٹِپ کی رقم میں سے کوئی حصہ اپنے پاس نہیں رکھ سکتی۔

صارفین کو گمراہ کرنے والی خصوصیات پر پابندی

وزارت نے ایپ کمپنیوں کو ایسی خصوصیات سے بھی دور رہنے کی ہدایت دی ہے جو مسافروں کو ٹِپ دینے پر مجبور یا متاثر کریں۔ حکومت کے مطابق ایپ میں ایسا کوئی پیغام یا طریقہ نہیں ہونا چاہیے جس سے مسافر کو یہ لگے کہ اضافی رقم دینے سے اسے بہتر یا تیز سروس مل سکتی ہے۔ یہ ہدایت صارفین کے تحفظ کے قوانین کے تحت جاری کی گئی ہے۔

اتر پردیش میں بھی ایپ پر چلنے والی ٹیکسی سروسز کے لیے نیا فیصلہ

اتر پردیش حکومت نے بھی منگل کو اولا اور اوبر جیسی ایپ کے ذریعے چلنے والی ٹیکسی سروسز کے لیے ریاست میں رجسٹریشن لازمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ریاست میں ایپ کے ذریعے چلنے والی ٹیکسی اور دیگر سواری خدمات کو سرکاری نگرانی کے دائرے میں لانا ہے۔

بنگلورو میں بھی رائیڈ ایپس کے خلاف کاروائی

 بنگلورو میں ٹرانسپورٹ محکمہ نے اولا، اوبر اور ریپیڈو سمیت بڑی رائیڈ ایپس کو مبینہ طور پر مقررہ کرایے سے زیادہ رقم وصول کرنے پر نوٹس جاری کیے ہیں۔ محکمہ نے کمپنیوں سے وضاحت طلب کی ہے اور کہا ہے کہ رائیڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایے کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
 
تازہ رپورٹ کے مطابق مرکز کی یہ ہدایت صرف اولا، اوبر اور ریپیڈو تک محدود نہیں ہے بلکہ 2025 کی موٹر وہیکل ایگریگیٹر گائیڈلائنز کے دائرے میں آنے والے تمام رائیڈ ایگریگیٹرز کو اپنے ایپس کا جائزہ لینے اور سواری مکمل ہونے سے پہلے دکھائے جانے والے ٹِپ سے متعلق تمام آپشنز ہٹانے کو کہا گیا ہے۔