Saturday, October 18, 2025 | 26, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • آسام: آرمی کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ، تین جوان شدید زخمی،جانیے کس نے کیا یہ حملہ؟

آسام: آرمی کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ، تین جوان شدید زخمی،جانیے کس نے کیا یہ حملہ؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 17, 2025 IST

آسام: آرمی کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ، تین جوان شدید زخمی،جانیے کس نے کیا یہ حملہ؟
آسام میں جمعرات کی دیر رات تیز گولیوں اور دھماکوں کی آواز سے لوگ لرز گئے۔ یہاں  تینسوکیا ضلع کے کاکوپاتھر میں واقع آرمی کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ کیا گیا ، جس میں تین جوان شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ واقعے کے بعد پولیس اور فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مقامی لوگوں کی نقل و حرکت محدود کردی ۔
 
حملہ آوروں نے ٹرک کا استعمال کیا:
 
ابتدائی معلومات کے مطابق، کاکوپاتھر میں بھارتی فوج کی 19 گرینیڈیئرز یونٹ کے کیمپ کو نشانہ بناتے ہوئے آدھی رات کے قریب گرینیڈ پھینکے گئے۔ اس دھماکے میں فوج کے تین جوان زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔حملہ آوروں نے ایک ٹرک کا استعمال کیا، جسے بعد میں پڑوسی اروناچل پردیش کے علاقے ٹینگاپانی میں پایا گیا۔آرمی کیمپ پر حملے کے بعد فوج اور پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ واقعے کی جگہ کے آس پاس شہریوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ فوج کے اہلکار ہر جگہ چوکنا ہیں۔
 
کسی نے حملہ کی ذمہ داری نہیں لی:
 
اب تک کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم، شبہ ہے کہ گرینیڈ حملے کے پیچھے یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام-انڈیپنڈنٹ (ULFA-I) گروپ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل بدھ کے روز، این ایس سی این (K-YA) گروپ کے مشتبہ عسکریت پسندوں نے اروناچل پردیش کے چانگلانگ ضلع میں آسام رائفلز کے ایک کیمپ پر حملہ کیا تھا، جو ضلع کے منماؤ علاقے کے ہٹمن گاؤں میں واقع تھا۔
 
یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (ULFA) کون ہیں؟
 
یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام-انڈیپنڈنٹ (ULFA-I) آسام میں سرگرم ایک مسلح علیحدگی پسند تنظیم ہے۔ یہ اصل ULFA کا ایک دھڑا ہے جو آسام کو بھارت سے الگ کرکے ایک آزاد خودمختار ریاست بنانے کا مطالبہ کررہا ہے۔ اس کی بنیاد 7 اپریل 1979 کو سیوساگر میں رکھی گئی تھی، اور اس سے الگ ہوکر اپریل 2013 میں ULFA-I قائم کیا گیا۔ پریش بروا اس کے کمانڈر ان چیف ہیں اور یہ میانمار-چین سرحد پر سرگرم ہیں۔ بھارت سرکار نے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔