Tuesday, January 20, 2026 | 01, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • بھارتی بیڈمنٹن اسٹار سائنا نہوال نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارتی بیڈمنٹن اسٹار سائنا نہوال نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 20, 2026 IST

بھارتی بیڈمنٹن اسٹار سائنا نہوال نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان
بھارت کی مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے بیڈمنٹن سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 2012 لندن اولمپکس کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی سائنا نے آخری بار 2023 میں سنگاپور اوپن کھیلا تھا، 35 سالہ کھلاڑی گھٹنے کی انجری کے باعث گزشتہ دو برسوں سے کھیل کے میدان  سے باہر تھیں۔انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھٹنوں کی حالت اچھی نہیں ہے اور ایسے میں کھیل کے تقاضوں کو پورا کرپانا مشکل ہے۔
 
میں نے دو سال پہلے ہی کھیلنا چھوڑ دیا تھا:سائنا 
 
سائنا سال 2023 میں آخری بار کھیل کے میدان میں نظر آئی تھیں،لیکن اس وقت انہوں نے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا تھا۔انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ گھٹنے کی پرانی اور سنگین تکلیف کی وجہ سے اب وہ ایلیٹ سطح کے کھیل کی جسمانی مطالبات کو پورا نہیں کر پا رہی ہیں۔
 
سائنا نے کہا:میں نے دو سال پہلے ہی کھیلنا بند کر دیا تھا۔ مجھے لگا کہ میں نے اپنی مرضی سے اس کھیل میں قدم رکھا تھا اور اپنی مرضی سے ہی چھوڑ رہی ہوں، اس لیے الگ سے اعلان کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ "اگر آپ کھیل میں اپنا صدفیصد نہیں دے سکتے تو پھرنہ کھیلنا ہی بہترہے۔
 
اب شاید میں یہ اور نہیں کر سکتی:
 
سابق ورلڈ نمبر 1 نے اپنی طبی حالت کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا: "آپ کا کارٹیلیج مکمل طور پر خراب ہو گیا ہے، آپ کو آرتھرائٹس ہو گیا ہے۔ میرے والدین کو یہ جاننے کی ضرورت تھی، میرے کوچ کو جاننے کی ضرورت تھی، اور میں نے بس ان سے کہہ دیا کہ اب شاید میں یہ مزید نہیں کر سکتی، یہ مشکل ہے۔
 
انہوں نے کہا: "آہستہ آہستہ لوگوں کو بھی پتہ چل جائے گا کہ سائنا کھیل نہیں رہی۔ مجھے نہیں لگا کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا اتنی بڑی بات ہے۔ مجھے بس لگا کہ میرا وقت ختم ہو گیا ہے کیونکہ میں اب زیادہ زور نہیں لگا پا رہی تھی، میرا گھٹنا پہلے کی طرح زور نہیں لگا پا رہا تھا۔
 
اپنے بہترین دنوں کا موازنہ کرتے ہوئے سائنا نے کہا: "دنیا میں بہترین بننے کے لیے آپ 8 سے 9 گھنٹے ٹریننگ کرتے ہیں، اب میرا گھٹنا ایک یا دو گھنٹے میں ہی جواب دے رہا ہے۔ اس میں سوجن آ جاتی ہے اور اس کے بعد زور لگانا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے میں نے سوچا کہ بس بہت ہو گیا۔ میں اب مزید زور نہیں لگا سکتی۔
 
2016 میں لگی تھی چوٹ:
 
ان کے کیریئر پر 2016 کے ریو اولمپکس میں لگی گھٹنے کی سنگین چوٹ کا بہت اثر پڑا تھا۔ البتہ انہوں نے 2017 میں ورلڈ چیمپئن شپ میں کانسی اور 2018 میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ جیت کر شاندار واپسی کی، لیکن بار بار ہونے والی تکلیفیں جاری رہیں۔ 2024 میں، سائنا نے خود انکشاف کیا کہ انھیں گٹھیا ہے اور ان کا کارٹلیج ختم ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے اعلیٰ سطح پر کھیلنے کی تربیت حاصل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
 
سائنا نہوال بھارتی بیڈمنٹن کی ایک ٹریل بليزر اور پہلی اولمپک میڈل ونر رہی ہیں۔ ان کا یہ فیصلہ ایک شاندار کیریئر کا اختتام ہے، جو چوٹوں اور جسمانی مشکلات کے باوجود ان کی لگن اور جرات کی عکاسی کرتا ہے۔