Saturday, March 07, 2026 | 17 رمضان 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے۔ اب تک 217 افراد ہلاک ۔ ہزاروں بے گھر۔ بڑے پیمانے پر ہوا مالی نقصان

لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے۔ اب تک 217 افراد ہلاک ۔ ہزاروں بے گھر۔ بڑے پیمانے پر ہوا مالی نقصان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 07, 2026 IST

لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے۔ اب تک  217 افراد ہلاک ۔ ہزاروں بے گھر۔ بڑے پیمانے پر ہوا مالی نقصان
لبنان میں جاری اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق پیر سے شروع ہونے والے حملوں میں اب تک کم از کم  217 افراد ہلاک  جبکہ 798 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔لبنان کے وزیر اعظم  نواف سلام نے بین الاقوامی برادری سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی کے باعث ایک سنگین انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔ ان کے مطابق ہزاروں افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ کی دوپہر  بیروت کے جنوبی علاقوں میں دوبارہ فضائی حملے کیے۔ یہ حملے رات کے شدید بمباری کے بعد کیے گئے جن سے علاقے میں بھاری نقصان ہوا اور بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے۔
 
ایران کے خلاف جاری جنگ آٹھویں  روز میں داخل :
 
ایران کے خلاف جاری جنگ آٹھویں  روز میں داخل ہو چکی ہے۔ اس کے دائرہ کار میں وسعت کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے تہران پر حملوں کی 14ویں لہر مکمل کر لی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایران میں بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے  نئے حملوں کے آغاز کی تصدیق کی ہے، جبکہ دارالحکومت تہران میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔اسرائیلی فوج نے جمعہ کو کہا کہ تقریباً 50 اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وسطی تہران میں ایران کے آنجہانی سپریم لیڈر کے کمپاؤنڈ  کے احاطے کے نیچے زیر زمین بنکر کو نشانہ بنایا۔
 
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے تل ابیب کی جانب میزائل اور ڈرونز داغنے کا دعویٰ کیا۔پاسدارانِ انقلاب نے دھمکی دی ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کے حملوں میں شدت اور وسعت لائی جائے گی، ساتھ ہی انہوں نے عراق کے شہر اربیل میں امریکی فوجیوں کے ٹھکانے کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کا بھی ذکر کیا۔مشرق وسطیٰ میں پھیلتے ہوئے تنازع کے دوران، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق میں موجود ایرانی کرد فورسز کو ایران پر حملہ کرنے کی ترغیب دی ہے، جبکہ اسی وقت آذربائیجان نے بھی ایرانی میزائلوں کا نشانہ بننے کے بعد جوابی کارروائی کا عہد کیا ہے۔ایران میں اب تک 1332 افراد  کی موت ہوئی ہے۔ 
 
ایران کے نائب وزیر خارجہ  کا بیان:
 
ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے اگلے رہنما کے انتخاب میں مداخلت  پر  کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر،نیویارک کا میئر بھی مقرر نہیں کر سکتے۔نئی دہلی میں Raisinaڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے خطیب زادہ    نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی حالیہ انتخابی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کی قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس میں ان کی مداخلت  ہونی چاہیے، جب کہ وہ نیویارک کے میئر کا تقرر بھی نہیں کر سکتے۔خطیب زادہ نے جاری تنازعہ کو ایران کے لیے وجود کی جنگ قرار دیا اور امریکہ اور اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ ان کے ملک پر بلا اشتعال حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس مزاحمت کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔