آندھرا پردیش پولیس نے اتوار 26 اکتوبر کو تصدیق کی ہے کہ کرنول میں حیدرآباد سے بنگلورو جارہی بس میں آگ لگنے کے واقعے سے متعلق موٹر سائیکل سوار دونوں افراد نشے میں تھے،اس واقعہ میں 19 مسافروں کی موت ہو گئی۔جبکہ موٹر سائیکل سوار دو افراد میں سے ایک کی موقع پر ہی موت ہو گئی ،دوسرے کی جان بچ گئی ،ٹکراؤ کے بعد موٹر سائیکل بس کے نیچے کچھ فاصلے تک گھسٹتی رہی، جس سے اس کا پٹرول ٹینک پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔
کیا ہوا تھا حادثہ سے قبل؟
ایک اعلی افسر نے بتایا کہ،رات گئے تقریباً دو بجے لکشمی پورم گاؤں سے شیو شنکر ،ایری سوامی کو تگلی گاؤں چھوڑنے کے لیے نکلا تھا۔
اس دوران دونوں نے ایک ڈھابے پر کھانا کھایا،اور دونوں نشہ میں تھے،جسکا اعتراف خود 'ایری سوامی 'نے کیا ہے۔
جو اس واقعہ کا عینی شاہد اور نشہ میں موٹر سائیکل چلا رہے شخص کے ساتھ تھا۔
دونوں رات 2:24 بجے پٹرول بھروانے کے لیے ایک کار شوروم کے قریب پٹرول پمپ پر رکے۔
پٹرول پمپ پر ان کے رکنے کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہے ، جس میں شنکر لاپرواہی سے دوپہیہ گاڑی چلاتے دکھائی دے رہا ہے۔
پٹرول پمپ سے روانہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد دوپہیہ گاڑی پھسل گئی، جس سے شنکر دائیں طرف گر کر ڈیوائیڈر سے ٹکرایا اور اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
واقعے کے بعد سوامی اپنے آبائی گاؤں بھاگ گیا:
سوامی نے شنکر کو سڑک کے بیچ سے کنارے لا کر اس کی جانچ کی اور پایا کہ اس کی موقع پر ہی موت ہو چکی ہے۔
جب وہ موٹر سائیکل کو سڑک سے ہٹانے کے بارے میں سوچ ہی رہا تھا، تبھی بس تیزی سے آئی اور دوپہیہ گاڑی کو کچلتے ہوئے کچھ فاصلے تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔
جسکے بعد یہ آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا،جس میں 19 مسافر کی موت ہو گئی۔
مسلسل دو حادثوں اور بس میں شدید آگ لگنے سے سوامی خوفزدہ ہو گیا اور اپنے آبائی گاؤں تگلی چلا گیا۔
بعد میں پولیس سوامی تک رسائی حاصل کی،اور اس خوفناک حادثے کے اہم تفصیلات جاننے کے لیے اس سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس فورنسک شواہد کے انتظار میں تھی:
کرنول رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (DIG) کوا پروین نے ’پی ٹی آئی‘ سے کہا، ’فورنسک تحقیقات سے ابھی تصدیق ہوئی ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد (شیو شنکر اور ایری سوامی) نشے میں تھے۔پولیس کو پہلے سے معلوم تھا کہ دونوں نشے کی حالت میں تھے، لیکن اس نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی کیونکہ وہ فورنسک شواہد کے انتظار میں تھی۔
واضح رہے کہ کرنول ضلع میں 24 اکتوبر کو ایک موٹر سائیکل بس کے نیچے آ گئی ۔ بس کے ٹکرانے سے پہلے ہی موٹر سائیکل ایک اور حادثے کا شکار ہو چکی تھی۔ بس میں کل 44 مسافر سوار تھے۔ ٹکراؤ کے بعد موٹر سائیکل بس کے نیچے کچھ فاصلے تک گھسٹتی رہی، جس سے اس کا پٹرول ٹینک پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔