مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ کی وجہ سے ایل پی جی گیس کی سپلائی میں رکاوٹ اور برآمدات سے متعلق مسائل کی وجہ سے پمپری۔چنچواڑ میں تقریباً 8,000 مائیکرو اور چھوٹی صنعتوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ایس ایم ای سیکٹر بری طرح متاثر ہے کیونکہ صنعتیں ایل پی جی گیس اور ایکسپورٹ آرڈرز پر انحصار کرتی ہیں جو بحران کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں۔پمپری۔ چنچواڑ اسمال انڈسٹریز اسوسی ایشن نے ایم ایس ایم ای کیلئے 50 فیصد ایل پی جی گیس مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایل پی جی سلنڈروں کی ملک گیر قلت :
ایل پی جی سلنڈر کی قلت ہندوستان بھر میں ہوٹل اور ریستوراں کی صنعت کو متاثر کرنے لگی ہے اور وارانسی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔یہاں کے بہت سے ادارے اپنے کچن کو چلانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔گیس کا ذخیرہ کم ہونے کی وجہ سے کئی ہوٹل اپنے مہمانوں کی خدمت جاری رکھنے کیلئے مٹی کے چولہوں کی مدد لے رہے ہیں۔ شہر کی ہوٹل اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کئی کھانے پینے کے ادارے پہلے ہی بند ہو چکے ہیں جبکہ چھوٹے ادارے اپنے چولہے جلتے رکھنے کیلئے گھریلو سلنڈر استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس صورتحال سے صرف ہوٹل کا شعبہ ہی متاثر نہیں ہوا بلکہ ٹور آپریٹرز خلیجی ممالک کے دوروں کی منسوخی کی اطلاع بھی ہے۔
کاروباری مالکان جدید چولہے جیسے متبادل تلاش کرنے پر مجبور :
مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے درمیان کئی جنوبی ریاستوں میں تجارتی ایل پی جی سلنڈروں کی ملک گیر قلت نے بہت سے ریستورانوں ۔ بیکریوں اور چائے کی دکانوں کو عارضی طور پر بند کرنے پر مجبور کر دیا ہے جس سے کاروباری مالکان کو لکڑی جلانے والے جدید چولہے جیسے متبادل تلاش کرنے پر مجبور کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں چولہے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔نمککل میں ایک چولہا بنانے والے نے کہا کہ انہیں بڑی تعداد میں آرڈرز موصول ہوئے ہیں جس سے چولہے کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔
پالی پالیم پیریا کاڈو میں مینوفیکچرنگ یونٹ، متعدد ریاستوں سے گاہکوں کی بھاری آمد کا مشاہدہ کر رہا ہے۔اس یونٹ میں ، جو تمل ناڈو اور کیرالہ کے کچھ حصوں کو چولہے سپلائی کرتا ہے، اسٹاک ختم ہو گیا ہے کیونکہ طلب پیداواری صلاحیت سے زیادہ ہو گئی ہے۔مینوفیکچرر نے کہا کہ پچھلے دو دنوں میں چولہے تلاش کرنے والے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ خریدار پڑوسی ریاستوں سے بھی آتے ہیں۔