مرکزی حکومت نے منریگا کی جگہ وکست بھارت جی رام جی بل 2025 کو لایاہے۔ کانگریس پارٹی نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مہاتما گاندھی کے نظریات کی توہین قرار دیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم مودی بابائے قوم کے نظریات اور غریبوں کے حقوق سے نفرت کرتے ہیں۔ اس معاملے پر جاری لفظی جنگ اب سڑکوں پر چھلکنے کو ہے۔
کانگریس پارٹی نے آج ملک بھر کے ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں 28 دسمبر کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر تمام منڈلوں اور گاؤں میں مہاتما گاندھی کی تصویروں کے ساتھ پروگرام منعقد کیے جائیں گے جس میں مزدور کے وقار، سماجی انصاف اور کام کے حق کیلئے کانگریس کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے اس معاملے پر ایک پوسٹ میں کہاکہ کانگریس پارٹی مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کو ختم کرنے کے حکومتی منصوبہ کے خلاف لڑنے کیلئے آج تمام ضلع ہیڈکوارٹرز پر ملک گیر احتجاج کرے گی۔
بی جے پی کو گاندھی کے نظریے سے مسئلہ ہے: عمران پرتاپ گڑھی
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے وکاس بھارت روزگار اور روزی روٹی گارنٹی مشن بل 2025 پر بات کرتے ہوئے کہا، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وزیر اعظم اپنی تقریروں میں گاندھی جی کی اتنی تعریف کرتے ہیں اور پھر بھی وہ ان اسکیموں کا نام تبدیل کر رہے ہیں جو گاندھی جی کے نام پر شروع کی گئی تھیں انہیں گاندھی جی کے نام اور گاندھی جی کے نام سے مسئلہ ہے۔