منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج "Pain-Free Ageing: How Minimally Invasive Spine Surgery Helps Seniors Regain Mobility" کے موضوع پر خصوصی گفتگو پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سائیوج کرشنن، سینئر نیورو سرجن، یشودا ہاسپٹلس، ملک پیٹ، حیدرآباد نے بڑھتی عمر کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی کے مسائل، ان کی وجوہات، جدید علاج اور منیملی اِنویسیو اسپائن سرجری (Minimally Invasive Spine Surgery) کے فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹرسائیوج کرشنن نے بتایا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی میں قدرتی تبدیلیاں آتی ہیں، جن کے باعث کمر درد، گردن کا درد، ٹانگوں میں سن ہونا، چلنے پھرنے میں دشواری اور اعصاب پر دباؤ جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹیو آرتھرائٹس، اسپائنل اسٹینوسس، سلِپ ڈسک، ڈسک کی خرابی اور ہڈیوں کی کمزوری (Osteoporosis) بزرگ افراد میں عام مسائل ہیں، جنہیں بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ماضی میں اسپائن سرجری کو ایک پیچیدہ اور طویل بحالی والا عمل سمجھا جاتا تھا، لیکن جدید Minimally Invasive Spine Surgery (MISS) نے اس تصور کو بڑی حد تک بدل دیا ہے۔ اس تکنیک میں چھوٹے چیروں کے ذریعے خصوصی آلات اور جدید امیجنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے سرجری کی جاتی ہے، جس سے خون کا ضیاع کم ہوتا ہے، درد نسبتاً کم محسوس ہوتا ہے، انفیکشن کے امکانات گھٹ جاتے ہیں اور مریض کم وقت میں اپنی روزمرہ سرگرمیوں کی طرف لوٹ سکتا ہے۔
ڈاکٹر نے زور دے کر کہا کہ ہر مریض کو سرجری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ابتدائی مرحلے میں فزیوتھراپی، ادویات، وزن کو متوازن رکھنا، ہلکی ورزش، درست انداز میں بیٹھنے اور چلنے کی عادت اپنانا اور ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے مناسب غذا اور وٹامن ڈی و کیلشیم کا استعمال بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم اگر اعصاب پر شدید دباؤ، مسلسل درد، کمزوری یا چلنے پھرنے میں نمایاں رکاوٹ پیدا ہو جائے تو ماہر نیورو سرجن سے مشورہ لے کر جدید جراحی طریقوں پر غور کرنا چاہیے۔
پروگرام کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ بزرگ افراد کو کمر درد کو بڑھاپے کا لازمی حصہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ بروقت ایم آرآئی، اعصابی معائنہ اور درست تشخیص کے ذریعے کئی پیچیدہ مسائل کا مؤثر علاج ممکن ہے، جس سے نہ صرف درد میں کمی آتی ہے بلکہ مریض دوبارہ خودمختار اور متحرک زندگی گزار سکتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر سائیوج کرشنن نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ صحت مند طرزِ زندگی، باقاعدہ ورزش، متوازن غذا اور بروقت طبی معائنہ ریڑھ کی ہڈی کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید منیملی اِنویسیو اسپائن سرجری بزرگ افراد کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہو رہی ہے، جو انہیں کم درد، تیز صحت یابی اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کر سکتی ہے۔
قارئین آپ سینئر نیورو سرجن، ڈاکٹر سائیوج کرشنن کی یہ ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی دیگر امراض پرماہرین کے، صحت سے متعلق دیگر بے شمار ویڈیوز منصف ٹی وی ہیلتھ پر دیکھ سکتےہیں۔