مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی جانب سے اداکار اور پارٹی لیڈر متھن چکرورتی کو جمعہ کو اپنا ثقافتی مشیر نامزد کرنے کے بعد، سینئر اداکار نے ریاست میں فلم پروڈکشن کی شوٹنگ کے لیے 30 فیصد سبسڈی کا اعلان کیا۔ایک دن پہلے، بنگالی لیجنڈ اتم کمار کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر ایک پروگرام کے دوران، اداکار سے سیاست دان بنے متھن نے کہا تھا کہ انہوں نے چیف منسٹر سویندو ادھیکاری سے سبسڈی کے لیے "خصوصی درخواست" کی تھی، جس پر سی ایم نے اتفاق کیا تھا۔
بنگال فلمی صنعت کی ترقی
بی جے پی حکومت کی جانب سے اپنے نئے کردار کا اعلان کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چکرورتی نے کہا: "ہم جو کچھ بھی کھو چکے ہیں اسے واپس لانے کی کوشش کریں گے۔ ہم 30 فیصد سبسڈی دے رہے ہیں تاکہ ہم ہر ایک کو، پورے ہندوستان کو بنگال میں لا سکیں۔ ہم لوگوں کو بنگال آنے اور یہاں فلموں کی شوٹنگ کے لیے کہہ رہے ہیں۔"
دی دی کی دھمکی پر دا دا کا جواب
سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی طرف سے دہلی میں بی جے پی رہنماؤں کے گھروں کے باہر احتجاج کرنے کی دھمکی کے بارے میں پوچھے جانے پر، اداکار سے سیاستداں بننے والے نے جواب دیا: "وہ (ممتا بنرجی) جو کچھ بھی کہہ رہی ہیں، کیا ایسا کہنا ان کےلئے مناسب ہے؟ انھوں نے جس 'مظالم' کا ذکر کیا تھا، کیا وہ انھیں زیب دیتا ہے؟۔۔۔ یہ سب ہم نے ہی سہا ہے۔ میں زیادہ بول کر کسی کی تذلیل نہیں کرتا، لیکن یہ سب ان کی طرف سے اچھا نہیں لگتا۔"
ممتا نے کیا کہا تھا
ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کے پارٹی دفتر پر مبینہ حملے کے بعد، سابق وزیر اعلی نے بی جے پی پر غنڈے بھیجنے کا الزام لگایا تھا اور اس معاملے میں احتجاج کو قومی دارالحکومت تک لے جانے کے اپنے منصوبوں کے بارے میں بات کی تھی۔سابق وزیر اعلیٰ نے فیس بک لائیو ویڈیو میں کہا، "آپ 9 ممتا بنرجی) کب تک اپنے مظالم کو جاری رکھیں گے؟ اگر مظالم بند نہیں ہوئے تو میں ذاتی طور پر نئی دہلی جاؤں گا اور وہاں بی جے پی لیڈروں کے گھروں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کروں گا۔"
اتم کمار فلم سینٹر کا سنگ بنیاد
دریں اثنا، چیف منسٹر ادھیکاری نے جمعہ کو کولکتہ کے شمالی مضافات میں نیو ٹاؤن میں "اتم کمار فلم سینٹر" کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے متھن چکرورتی کے نئے کردار کا اعلان کیا۔ اس مرکز کو 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا، جس کی ریاستی اطلاعات اور ثقافتی امور کے محکمہ نے پہلے ہی منظوری دے دی تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکز کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کا کام بنگالی سلور اسکرین کی دنیا کے ماہرین پر چھوڑ دیا جائے گا اور ریاستی حکومت کسی بھی صورت میں اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔