Thursday, December 04, 2025 | 13, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • تلنگانہ: ضلع کھمم ستو پلی میں کارحادثہ تین ہلاک

تلنگانہ: ضلع کھمم ستو پلی میں کارحادثہ تین ہلاک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Dec 03, 2025 IST

تلنگانہ: ضلع کھمم ستو پلی میں کارحادثہ تین ہلاک
 تلنگانہ کے ضلع کھمم میں بدھ کے روز ایک سڑک حادثہ میں تین افراد بشمول ایک لڑکے کی موت ہوگئی اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ستوپلی منڈل کے کشتارام میں قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار کار سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔کار میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔مرنے والوں کی شناخت ایس کے ساجد (25)، سدھی سیجوئے (18) اور مرکتلا ششی (11) کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
کار ڈرائیور بظاہر کنٹرول کھو بیٹھا اور ڈیوائیڈرسے ٹکرایا۔ گاڑی، جو چندروگنڈہ سے ستوپلی کی طرف جارہی تھی، حادثے میں پوری طرح کچل گئی۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کردیا۔پولیس کا خیال ہے کہ تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

 چندرائن گٹہ میں ملی دو نوجوانوں کی لاش 

حیدرآباد میں ایک اور واقعہ میں چندراین گٹہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک آٹو رکشہ میں دو لاشیں ملی ہیں۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔پارک کیے گئے آٹو رکشا میں انجکشن اور سرنج ملے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ان کی موت کی وجہ منشیات کی زیادہ مقدار ہے۔

محبوب نگر:حادثہ میں ریلوے ملازم کی موت

 ضلع محبوب آباد میں سانحہ پیش آیا۔ لاری کی دو پہیہ گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ محبوب آباد منڈل کے جمنڈلا پلی گاؤں کے مضافات میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بھاگوت نامی شخص جو محکمہ ریلوے میں جے ای ای کے طور پر کام کر رہا تھا، کو پیچھے سے لاری نے ٹکر مار دی اور موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع مقامی لوگوں نے پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

موسی رام باغ پر ٹپر بے قابو

دریں اثناء حیدرآباد میں ایک ٹپر بے قابو ہو گیا جس سے چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ یہ حادثہ ملک پیٹ - دلسکھ نگر سڑک پر صبح ایک بجے کے قریب پیش آیا۔کنٹرول کھونے کے بعد، ٹپر نے حیدرآباد میٹرو پل کے نیچے سڑک کے ڈیوائیڈر کو چھلانگ لگا دی اور سڑک کے دوسری طرف ایک ٹرک سے ٹکرایا۔ اس کے بعد ٹرک ایک بس سے ٹکرا گیا۔تاہم ٹی وی ٹاور کراس روڈ کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹپر کی بریک فیل ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں یہ تصادم ہوا۔ٹپر ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹانے اور ٹریفک بحال کرنے کے لیے کرین لگا دی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

 کار جل کر شعلہ پوش 

 رنگاریڈی ضلع کے کڈتل سے حیدرآباد جانے والی کار میں آج اچانک آگ لگ گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ مکتا مدارم گیٹ پر پہنچی۔ آگ اچانک پھیل گئی اور کار میں سوار چار افراد بحفاظت باہر نکل گئے۔ کوئی زخمی نہیں ہوا۔ آگ لگنے سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔ کار میں اس وقت آگ لگ گئی جب وہ تلاکونڈا پلی منڈل کے وینٹا پور سے حیدرآباد آرہی تھی۔ تاہم اس میں سوار مسافروں کے ہوشیار رہنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ کار میں نوجوانوں کو سوار پایا گیا۔ مقامی پولیس نے کہا کہ کسی نے حادثے کی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔