Thursday, December 04, 2025 | 13, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • زہریلی گیس کا اخراج۔ دو خواتین ہلاک، کئی بیمار

زہریلی گیس کا اخراج۔ دو خواتین ہلاک، کئی بیمار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Dec 04, 2025 IST

زہریلی گیس کا اخراج۔ دو خواتین ہلاک، کئی بیمار
زیر زمین کانوں سے زہریلی گیس کے اخراج سے دو خواتین کی موت اور متعدد بیمارہوگئے۔ بیمار لوگوں کو ہسپتال لے جایا گیا اور ان کا علاج جاری ہے۔ حکام زہریلی گیس کے اخراج کے باعث علاقے میں لوگوں کو نکالنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ جھارکھنڈ کے دھن باد ضلع میں پیش آیا۔ بدھ کے روز، بھارت کوکنگ کول لمیٹڈ (BCCL) کی زیر زمین کان سے زہریلی گیس کاربن مونو آکسائیڈ کا اخراج ہوا۔

 لوگوں کا احتجاج

اس دوران کینڈواڑی بستی میں کئی لوگ بیمار پڑ گئے۔ دو خواتین کی موت  کی اطلاع ہے۔ اس کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے دھن باد-رانچی ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ انہوں نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔

خطرناک زون چھوڑنے کی درخواست

دریں اثنا، بی سی سی ایل نے زیر زمین کان سے زہریلی گیس کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تین ایمبولینسیں تیار رکھی ہیں۔ اس نے علاقے کے مکینوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نقل مکانی کر کے محفوظ علاقے میں چلے جائیں۔

 ہزارخاندانوں کوتخلیہ کا نوٹس 

کمپنی نے 1,000 سے زیادہ لوگوں کے گھروں کی دیواروں پر نوٹسز چسپاں کیے ہیں جس میں انہیں جلد از جلد خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ ایریا منیجر نے بتایا کہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جان و مال کی حفاظت کے لیے، ہم نے پہلے ہی ان سے خطرناک زون چھوڑنے کی درخواست کی ہے۔"

بچے بے ہوش ہو گئے

گیس کی وجہ سے قریبی بچے بے ہوش ہوگئے۔ پرندے مر گئے، اور بہت سے لوگوں نے قے کی شکایت کی۔ ان کے اہل خانہ نے انہیں قریبی ڈاکٹروں اور نجی اسپتالوں میں پہنچایا۔ مقامی رہائشی ٹنکو انصاری نے بتایا کہ علاقے کے کئی لوگ اچانک بیمار ہو گئے تھے۔رام کشن نے بتایا کہ اس کا پالتو طوطا بھی گیس کے اثرات سے مر گیا۔ مہیش گوسوامی نے بتایا کہ ان کی بیٹی گھر سے نکلتے ہی بے ہوش ہوگئی اور گر گئی۔ ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ زہریلی گیس سے متاثر ہوئی تھی۔

ایم ایل اے موقع پر پہنچے

واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد دھنباد کے ایم ایل اے راج سنہا پہنچے اور متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آدتیہ رنجن سے بات کی اور فوری امدادی کارروائیوں کا مطالبہ کیا۔