Thursday, February 13, 2025 | 14, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • این آئی اے نے انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کی عرضی کی مخالفت کی،جانیے معاملہ

این آئی اے نے انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کی عرضی کی مخالفت کی،جانیے معاملہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Feb 04, 2025 IST     

image
بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ  انجینئر رشید نے دہلی ہائی کورٹ سے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت مانگی ہے۔ انہوں نے عرضی دائر کر عبوری ضمانت کی مانگ کی ۔  انجینئر رشید کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے جواب طلب کیا ہے۔ تاہم این آئی اے نے رشید انجینئر کی عبوری ضمانت کی عرضی کی مخالفت کی۔کیس کی اگلی سماعت 6 فروری کو ہوگی۔ یاد رہے کہ رکن پارلیمنٹ  انجینئر رشید پر دہشت گردی کی فنڈنگ ​​کا الزام ہے۔ 
 
ایجنسی(این آئی اے ) کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی انجینئر رشید کواسمبلی کو انتخابی مہم، حلف برداری اور والد کی صحت کی بنیاد پر عبوری ضمانت مل چکی ہے۔وہیں    انجینئر رشید کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے کبھی بھی عبوری ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی نہیں کی اور نہ ہی کسی گواہ کو متاثر کیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ رکن پارلیمنٹ پپو یادو کو بھی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت دی گئی تھی۔
 
وکیل نے عدالت سے گزارش کی کہ ان کے موکل کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران عبوری ضمانت دی جائے۔ این آئی اے نے عدالت کو مطلع کیا  کہ ستمبر میں دہلی ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو ایک عرضی  دائر کی گئی تھی جس میں خصوصی این آئی اے کورٹ کوخصوصی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کا درجہ دینے کی مانگ کی گئی تھی۔ تاہم درخواست پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ راشد کے وکیل نے تاخیر پر سوال اٹھایا۔
 
انہوں نے کہا کہ اس حلقے کی پارلیمنٹ میں نمائندگی نہیں کی جارہی ہے کیونکہ  انجینئر رشید کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست ستمبر سے زیر التوا ہے۔ انجینئر رشید کو 2019 میں دہشت گردی کی فنڈنگ ​​کے ایک کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا الزام ہے۔ فی الحال رکن پارلیمنٹ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔