نیتی آیوگ نے ایک نئی پالیسی رپورٹ جاری کی ہے جس میں گزشتہ دس برسوں کے دوران بھارت کے اسکولی تعلیمی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں داخلہ، بنیادی سہولیات، مساوات، شمولیت اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی جیسے اہم پہلوؤں کا مطالعہ کیا گیا ہے۔ یہ اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ نیتی آیوگ کی سی ای او ندھی چھبّر نے یہ رپورٹ جاری کی، جس کا عنوان ہے:
“بھارت کا اسکولی تعلیمی نظام: وقتی تجزیہ اور معیاری بہتری کے لیے پالیسی روڈ میپ”۔
رپورٹ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 13 اہم سفارشات پیش کی گئی ہیں۔
ان میں سے 8 سفارشات نظامی اصلاحات سے متعلق ہیں، جن میں:
- اسکولوں کے ڈھانچے میں بہتری اور کمپوزٹ اسکولوں کا فروغ
- اسکولی بنیادی سہولیات کو مضبوط بنانا
- انتظامی اصلاحات اور حکومتی صلاحیت میں اضافہ
- اسکول کے معیار کے لیے ریاستی اور ضلعی ٹاسک فورسز قائم کرنا
- اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں کو مضبوط بنانا
- اساتذہ کی بہتر تعیناتی اور تربیت
- ڈیجیٹل اور نشریاتی تعلیم کو فروغ دینا
- مساوات اور شمولیت کو بڑھانا شامل ہیں۔
جبکہ 5 تعلیمی سفارشات میں:
- تدریسی طریقوں اور امتحانی نظام میں تبدیلی
- بنیادی تعلیم کو مضبوط بنانا
- طلبہ کی ہمہ جہتی تعلیم اور ذہنی صحت پر توجہ
- فنی تعلیم اور ہنر مندی کو فروغ دینا
- ابتدائی بچپن کی تعلیم (ECCE) کو بہتر بنانا
- اور تعلیم میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال شامل ہے۔
یہ رپورٹ مختلف تعلیمی سرویز اور اعداد و شمار جیسے UDISE 2024-25، PARAKH Rashtriya Sarvekshan 2024، NAS 2017 و 2021، اور ASER 2024 کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس وقت 14.71 لاکھ اسکول ہیں، جن میں 24.69 کروڑ سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں، اور یہ دنیا کا سب سے بڑا اسکولی تعلیمی نظام ہے۔
رپورٹ میں 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تعلیم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ اسکولوں میں بجلی، بیت الخلا، اور دیگر بنیادی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور اسمارٹ کلاس رومز کی سہولت بھی بڑھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لڑکیوں، درج فہرست ذات (SC) اور درج فہرست قبائل (ST) کے طلبہ کے داخلوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو مساوات اور شمولیت کے میدان میں مثبت پیش رفت ہے۔
رپورٹ میں سفارشات پر عمل درآمد کے لیے 33 مختلف راستے بھی تجویز کیے گئے ہیں، جنہیں قلیل مدتی، درمیانی مدتی اور طویل مدتی منصوبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔