Thursday, August 27, 2026 | 12 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • طلبہ کے اعتراض کے بعد این ایل ایس آئی یو کا کنووکیشن منسوخ

طلبہ کے اعتراض کے بعد این ایل ایس آئی یو کا کنووکیشن منسوخ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 27, 2026 IST

طلبہ کے اعتراض کے بعد این ایل ایس آئی یو کا کنووکیشن منسوخ
نیشنل لا اسکول آف انڈیا یونیورسٹی، بنگلورو نے 2026 کے گریجویشن بیچ کی کنووکیشن تقریب منسوخ کر دی ہے۔ یونیورسٹی نے اس کی وجہ "ناگزیر حالات" بتائی ہے۔ یہ تقریب پہلے 12 ستمبر کو ہونے والی تھی۔ یونیورسٹی نے 3 اگست کو طلبہ کو ای میل کے ذریعے تقریب کی تاریخ بتائی تھی، لیکن اب 27 اگست کو جاری کیے گئے نوٹس میں تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

طلبہ کو ڈگریاں کیسے ملیں گی؟

یونیورسٹی کے مطابق تمام گریجویٹ طلبہ کو ان کی ڈگریاں تقریب کے بغیر ہی دی جائیں گی۔ اس کے لیے ضروری منظوری مکمل ہونے کے بعد طلبہ کو اپنے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے دو طریقے دیے جائیں گے۔ طلبہ چاہیں تو سرٹیفکیٹ کورئیر کے ذریعے اپنے گھر منگوا سکتے ہیں یا پھر کیمپس سے خود حاصل کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی نے کہا ہے کہ طلبہ سے ان کی پسند معلوم کرنے کے لیے ایک نیا فارم جاری کیا جائے گا۔

طلبہ نے CJI سوریہ کانت کو مدعو کرنے کی مخالفت کی تھی

کنووکیشن منسوخ ہونے سے پہلے "NLSIU "کے موجودہ طلبہ اور سابق طلبہ نے تقریب میں چیف جسٹس آف انڈیا (CJI) سوریہ کانت اور بار کونسل آف انڈیا (BCI) کے چیئرمین منن کمار مشرا کو مدعو کرنے پر اعتراض کیا تھا۔ طلبہ اور سابق طلبہ کے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ وہ منن کمار مشرا کی شرکت پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں اور CJI سوریہ کانت کو کنووکیشن میں مہمان خصوصی بنانے کے فیصلے پر بھی نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

یہ اعتراض کیوں کیا گیا؟

طلبہ کا اعتراض دراصل بار کونسل آف انڈیا اور نیشنل اکیڈمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ (NALSAR) سے متعلق ایک حالیہ تنازعے سے جڑا ہوا ہے۔NLSIU کے طلبہ اور سابق طلبہ نے BCI کے 13 اگست کے ایک ہدایت پر بھی تنقید کی تھی۔ اس ہدایت کے ذریعے" NALSAR" کے خلاف کاروائی کی گئی تھی، بعد میں یہ ہدایت واپس لے لی گئی ۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ "NALSAR" کے طلبہ نے اس معاملے میں اپنے موقف پر قائم رہ کر حوصلے کا مظاہرہ کیا۔

165 گریجویٹس طلبہ اور سابق طلبہ نے بیان پر دستخط کیے

اس مشترکہ بیان پر NLSIU کے 2026 کے گریجویشن بیچ کے 165 طلبہ، 409 موجودہ طلبہ اور 128 سابق طلبہ نے دستخط کیے تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ BCI نے "NALSAR" کے خلاف اپنی کاروائیاں روک دی ہیں، لیکن طلبہ اور فیکلٹی کے خلاف اس طرح کی کاروائی شروع کیے جانے کا معاملہ اہم ہے۔طلبہ کا کہنا تھا کہ BCI نے بعد میں اپنی کاروائی واپس لے لی، لیکن اس سے پہلے جو کچھ ہوا اس کی ذمہ داری ختم نہیں ہو جاتی۔