Thursday, February 12, 2026 | 24, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • وندے ماترم کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری؛ احترام میں کھڑا ہوناہوگا لازمی

وندے ماترم کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری؛ احترام میں کھڑا ہوناہوگا لازمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Feb 11, 2026 IST

وندے ماترم کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری؛ احترام میں کھڑا ہوناہوگا لازمی
مرکزی وزارتِ داخلہ نے قومی گیت 'وندے ماترم' کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی ہیں، جس کے تحت اب ہر سرکاری پروگرام میں اس کا گایا جانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ وزارت نے ان ہدایات میں واضح کیا ہے کہ وندے ماترم کو کب، کہاں، کیسے اور کتنا گایا جائے گا۔ اب تمام سرکاری تقاریب اور اسکولوں میں اسے قومی ترانے (جن گن من) سے پہلے گایا جائے گا۔اس دوران کھڑا ہونا لازمی ہے۔
 
 3 منٹ 10 سیکنڈ کے 6 اشعار گائے اور بجائے جائیں گے:
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق، وندے ماترم کے استعمال کے لیے درج ذیل ضابطے طے کیے گئے ہیں:جھنڈا لہرانے کی تقریب، صدرِ جمہوریہ کے پروگرام، قوم سے خطاب، گورنروں کی آمد و رفت، تقاریر اور اسکولوں کی اسمبلیوں سمیت تمام سرکاری مواقع پر اسے بجایا جائے گا۔وندے ماترم کے 6 اشعار پر مشتمل ورژن گایا یا بجایا جائے گا، جس کا کل دورانیہ 3 منٹ 10 سیکنڈ ہوگا۔
 
یہ 10 صفحات پر مشتمل گائیڈ لائنز 28 جنوری کو جاری کی گئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر قومی ترانہ اور قومی گیت ایک ساتھ بجائے جائیں گے، تو وندے ماترم پہلے بجایا جائے گا۔
 
 پہلے کوئی باقاعدہ اصول نہیں تھا:
 
اب تک بھارت میں قومی ترانے (جن گن من) کے لیے تو واضح پروٹوکول، دھن اور وقت مقرر تھا، لیکن قومی گیت وندے ماترم کے لیے کوئی سرکاری ضابطہ اخلاق موجود نہیں تھا۔
 
 یہ قدم مرکزی حکومت کی جانب سے وندے ماترم کو مزید مقبول بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔اس سے قبل قومی گیت کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ میں بحث بھی ہوئی تھی اور یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں اس حوالے سے جھانکیاں بھی پیش کی گئی تھیں۔