Wednesday, December 17, 2025 | 26, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • نتیش حجاب معاملے پرجموں وکشمیر میں گرمائی سیاست: این سی، پی ڈی پی اور بی جےپی آمنے سامنے

نتیش حجاب معاملے پرجموں وکشمیر میں گرمائی سیاست: این سی، پی ڈی پی اور بی جےپی آمنے سامنے

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Dec 17, 2025 IST

 نتیش حجاب معاملے پرجموں وکشمیر میں گرمائی سیاست: این سی، پی ڈی پی اور بی جےپی آمنے سامنے
 بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کا ایک خاتون کا حجاب کھینچنا بے حد افسوس ناک لیکن ہمارے ہاں، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی انتخابات کے دوران ایک خاتون کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا تھا۔ ان باتوں کا ذکر وزیرِ اعلیٰ عمر عبدللہ نے بدھ کو سرینگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمر نے کہا ، اس واقعہ سے، نتیش کمار کا اصلی چہرہ لوگوں کے سامنے آیا ہے۔

 واقعہ شرمناک:محبوبہ کے ماضی کے تنازعہ سے جوڑا

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ایک مسلم خاتون کے حجاب کو چھونے کے عمل کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کے ماضی کے تنازعہ سے جوڑتے ہوئے دونوں واقعات کو رجعت پسندانہ ذہنیت کا عکاس قرار دیا اور تازہ ترین واقعہ کو "شرمناک" قرار دیا۔

پچھلا واقعہ یاد کیا

عمرعبداللہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات الگ تھلگ نہیں ہیں اور انہوں نے انتخابات کے دوران ایک پچھلا واقعہ یاد کیا جب انہوں نے الزام لگایا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک خاتون ووٹر کا برقعہ اتار دیا گیا تھا۔ "ہم نے اس طرح کے واقعات پہلے بھی دیکھے ہیں۔ میرے الیکشن کے دوران، لوگ شاید بھول گئے کہ محبوبہ مفتی نے پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک جائز ووٹر کا برقع کیسے اتارا۔ یہ اسی ذہنیت کا تسلسل ہے۔ پھر جو کچھ ہوا وہ افسوسناک تھا، اور یہ واقعہ اتنا ہی شرمناک ہے،" ۔

عوامی سطح پرعورت کی تذلیل جائزنہیں

 عمر عبداللہ نے کہا کہ عوامی سطح پر عورت کی تذلیل کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہو سکتی۔ نتیش کمار کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اگر بہار کے وزیر اعلیٰ شخصی  طور پر تقرری کا خط نہیں دینا چاہتے تو وہ کسی خاتون کو عوامی شرمندگی کا نشانہ بنانے کے بجائے ایک طرف ہٹ سکتے تھے۔

 نتیش کمار کی حقیقت عیاں ہو رہی ہے

انہوں نے مزید کہا، ’’آہستہ آہستہ، نتیش کمار کی حقیقت، جنہیں کبھی ایک سیکولر اور سمجھدار لیڈر کے طور پر دیکھا جاتا تھا، سامنے آرہا ہے۔‘‘

 پی ڈی پی کا سخت رد عمل 

 پی ڈی پی نے، وزیرِ اعلیٰ عمرعبدللہ کے محبوبہ مفتی کو لے کر دیے گئے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور اسے دینی معاملات سے کھلواڑ  قرار دیا ہے۔ پی ڈی پی ترجمان تجمل اسلام نے منصف ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ، عمر عبد  اللہ صرف نتیش کمار کو خوش کرنے کے لئے ایسے بیان دے رہا ہے۔

 غلط یا قابل اعتراض بات نہیں:بی جے پی 

بہار میں حجاب کے مبینہ واقعے پر جاری تنازعہ کے درمیان، بی جے پی جموں و کشمیر کے ترجمان الطاف ٹھاکر اس معاملے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حمایت کرتے ہو کہا کہ نتیش کمار ایک سینئر اور قابل احترام لیڈر ہیں۔ وہ اس خاتون کے لیے دادا کی مانند ہیں۔ وہ صرف اس کا چہرہ دیکھنا چاہتے تھے، اس میں کوئی غلط یا قابل اعتراض بات نہیں ہے۔

 جموں کشمیر کے مفتی اعظم نے جتائی سخت تشویش 

 جموں کشمیر کے مفتی اعظم، مفتی ناصر السلام نے، بہار کے وزیرِ اعلیٰ کے حجاب معاملے پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں ، مفتی اعظم نے کہا کہ ایسے واقعات کے سنگین نتائج ، مستقبل میں دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔