• News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • وزیراعظم مودی یکم اگست کو میسور میں وویکانند میموریل سینٹر کا کریں گے افتتاح

وزیراعظم مودی یکم اگست کو میسور میں وویکانند میموریل سینٹر کا کریں گے افتتاح

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 29, 2026 IST

وزیراعظم مودی یکم اگست کو میسور میں وویکانند میموریل سینٹر کا کریں گے افتتاح
وزیراعظم نریندر مودی یکم اگست کو کرناٹک کے میسور میں واقع رام کرشنا آشرم میں تعمیر کیے گئے وویکانند میموریل سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ آشرم انتظامیہ کے مطابق یہ یادگار اس تاریخی مقام پر قائم کی گئی ہے جہاں سوامی وویکانند نے نومبر 1892 میں میسور کے دورے کے دوران قیام کیا تھا۔ رام کرشنا آشرم کے صدر نے بتایا کہ اس یادگاری مرکز کو نوجوانوں کی شخصیت سازی، کردار سازی اور سماجی خدمت کے فروغ کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ مرکز نوجوان نسل کو سوامی وویکانند کی تعلیمات، نظریات اور قومی خدمت کے جذبے سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
 
وزیر اعظم 6 ہزار سے زائد نوجوانوں، طلبہ سے کریں گے خطاب 
 
افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی تقریباً 6 ہزار سے زائد نوجوانوں، طلبہ، رضاکاروں اور مقامی شہریوں سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ اپنے خطاب میں نوجوانوں کے کردار، قوم کی ترقی اور ملک کی تعمیر میں ان کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر معروف مجسمہ ساز ارون یوگی راج کی تیار کردہ سوامی وویکانند کی سنگِ مرمر سے بنی ایک خصوصی مورتی بھی وزیر اعظم مودی کو پیش کی جائے گی۔ ارون یوگی راج اس سے قبل بھی متعدد اہم قومی شخصیات کے مجسمے تیار کر چکے ہیں۔
 
آشرم کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ وویکانند میموریل سینٹر کو "وکست بھارت 2047" کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے قائم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس مرکز کے ذریعے نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتوں، اخلاقی اقدار، قومی خدمت کے جذبے اور سوامی وویکانند کے افکار کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ رام کرشنا آشرم کا کہنا ہے کہ یہ یادگار نہ صرف سوامی وویکانند کی زندگی اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کا ذریعہ بنے گی بلکہ نوجوانوں کے لیے تربیت، رہنمائی اور سماجی خدمت کا ایک اہم مرکز بھی ثابت ہوگی۔