کرسمس کی شب ویٹیکن میں منعقدہ خصوصی عبادت کے دوران پوپ لیو نے اپنے خطبہ میں انسانیت، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری پر زور دیا۔انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت میں گہرا پیغام پوشیدہ ہے کہ خدا کا بیٹا ایک اصطبل میں پیدا ہوا، کیونکہ سرائے میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی۔
پوپ لیو کے مطابق یہ واقعہ آج کے دور کے انسان کے لیے واضح پیغام ہے کہ جو معاشرہ غریبوں، بے سہارا افراد اور اجنبیوں کو قبول نہیں کرتا، وہ دراصل خدا کو بھی قبول نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ زمین پر خدا کے لیے اسی وقت جگہ بنتی ہے جب انسان کے لیے دلوں میں جگہ ہو۔اپنے خطاب میں پوپ لیو نے کہا کہ خدا ہر انسان میں موجود ہے اور ہر شخص لامحدود وقار کا حامل ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج کی مسخ شدہ معیشت انسان کو محض ایک شے یا سامان کے طور پر دیکھنے لگی ہے، جبکہ خدا خود انسان بن کر اس کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔
پوپ لیونے جو مئی میں منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا کرسمس منا رہے ہیں سابق پوپ بینیڈکٹ کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا بچوں، غریبوں اور غیر ملکیوں کی پرواہ نہیں کرتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جہاں انسان کے لیے جگہ ہوتی ہے، وہاں خدا کے لیے بھی جگہ ہوتی ہے، اور ایک معمولی اصطبل بھی عبادت گاہ سے زیادہ مقدس بن سکتا ہے۔اس موقع پر تقریباً چھ ہزار افراد بیسیلیکا کے اندر موجود تھے، جبکہ شدید بارش کے باوجود پانچ ہزار کے قریب افراد سینٹ پیٹرز اسکوائر میں بڑی اسکرینوں پر یہ عبادت دیکھتے رہے۔پوپ لیو نے عبادت سے قبل باہر آ کر بارش میں موجود لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔
ستر سالہ پوپ لیونے عندیہ دیا کہ مہاجرین اور غریبوں کی مدد ان کی پاپائیت کے مرکزی نکات میں شامل رہے گی۔کرسمس کے موقع پر یہ پیغام ایک بار پھر دنیا کو یاد دلاتا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہی دراصل خدا کی عبادت ہے۔