ناندیڑ: شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سربراہ اور پنجاب کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل پر جمعرات کو مہاراشٹر کے شہر ناندیڑ میں واقع گرودوارہ احاطے کے قریب ایک شخص نے کرپان (دھار دار ہتھیار) (چھوٹی تلوار) سے حملہ کر دیا۔ واقعے میں بادل کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو خطرے سے باہر بتایا ہے۔
سیکیورٹی کی بروقت مداخلت، بڑی آفت ٹل گئی ابتدائی معلومات اور تفتیشی ذرائع کے مطابق حملہ آور جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ نہنگ سکھ کا لباس پہنے ہوئے تھا نے سکھبیر سنگھ بادل کے پیٹ کو نشانہ بناتے ہوئے تیز دھار کرپان سے وار کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، موقع پر موجود بادل کے سیکیورٹی چیف نے فوری اور بہادرانہ مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو روکا اور ڈھال بن کر بادل کی جان بچائی۔
حملے کے دوران سیکیورٹی گارڈ خود شدید زخمی ہو گیا، جبکہ سکھبیر سنگھ بادل کے ہاتھ پر زخم آئے جس کے علاج کے لیے ٹانکے لگائے گئے ہیں۔ اس تصادم اور افراتفری میں بادل کا ڈرائیور بھی معمولی زخمی ہوا ہے۔ ناندیڑ پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور تمام زوایوں سے سائنسی تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ حملے کا اصل مقصد واضح ہو سکے۔
اہلیہ اور ایم پی ہرسمرت کور بادل بھی ساتھ موجود تھیں
سکھبیر سنگھ بادل بدھ کی رات اپنے مذہبی دورے پر ناندیڑ پہنچے تھے اور جمعرات کی صبح وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ تاریخی مذہبی مقام میں زیارت کے لیے گئے تھے۔ جس وقت یہ حملہ ہوا، ان کی اہلیہ اور اکالی دل کی سینئر لیڈر و رکن پارلیمنٹ (ایم پی) ہرسمرت کور بادل بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔ پولیس نے حملہ آور کو موقع سے ہی گرفتار کر کے تحویل میں لے لیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی جانب سے اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
ملزم کی شناخت جسپال سنگھ کے نام سے ہوئی
سکھبیر بادل پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت جسپال سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس نے اکالی سربراہ پر کرپان سے حملہ کیا۔