• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مجھے قتل کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے، لالوپرساد یادو کو بھی خطرہ: تیج پرتاپ

مجھے قتل کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے، لالوپرساد یادو کو بھی خطرہ: تیج پرتاپ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 20, 2026 IST

مجھے قتل کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے، لالوپرساد یادو کو بھی خطرہ: تیج پرتاپ
جنتا شکتی جنتا دل (JJD) کے سربراہ تیج پرتاپ یادو نے سابق معاون آکاش یادو اور اس کے اہل خانہ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے اور ان کے والد لالو پرساد کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔تیج پرتاپ یادو نے جمعہ کے روز سچوالیہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
 
،صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تیج پرتاپ نے کہا
"میری شکایت کی بنیاد پر آکاش یادو، اس کی بہن انوشکا یادو اور دیگر چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ لوگ میری شبیہ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میرے والد لالو پرساد جی کی طبیعت خراب ہے۔ یہ لوگ مجھے اور میرے والد کو قتل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔"
انہوں نے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سے اپیل کی کہ انہیں مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
 
شکایت میں نامزد افراد میں انوشکا یادو بھی شامل ہے، جس کے بارے میں تیج پرتاپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شادی شدہ ہونے کے باوجود اس کے ساتھ تعلقات میں تھے۔ اس معاملے کے بعد ان کے والد لالو پرساد نے انہیں راشٹریہ جنتا دل (RJD) سے نکال دیا تھا۔ بعد میں سابق وزیر مملکت تیج پرتاپ نے اپنا بیان واپس لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سب ان کے ہیک کیے گئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والی غلط فہمی تھی۔
 
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مبینہ خطرہ ایک بڑی سیاسی سازش کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے الزام لگایا،"ممکن ہے کہ آکاش یادو اپوزیشن کے ساتھ مل کر مجھے قتل کروانا چاہتا ہو۔"
 
تیج پرتاپ کی جانب سے آکاش یادو کے خلاف شکایت درج کرانے سے پہلے آکاش یادو نے بھی ریاستی دارالحکومت میں پٹلی پتر پولیس اسٹیشن میں JJD سربراہ کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔آکاش یادو نے الزام لگایا کہ تیج پرتاپ اور ان کے معاون نے ان کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ تاہم تیج پرتاپ نے ان الزامات کو "جھوٹا اور من گھڑت" قرار دیا۔
 
آکاش یادو نے بتایا کہ اسے ایک امریکی نمبر سے فون آیا تھا، جس میں کال کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ اس کے جیل میں بند ایک گینگسٹر سے روابط ہیں۔پولیس نے کہا ہے کہ وہ معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
 
تیج پرتاپ کو ان کے والد لالو پرساد نے گزشتہ سال 25 مئی کو چھ سال کے لیے RJD سے نکال دیا تھا۔ یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب ایک دن پہلے انہوں نے مبینہ طور پر انوشکا کے ساتھ "تعلقات" کا اعتراف کیا تھا۔تاہم بعد میں انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ حذف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا۔ لالو پرساد نے بھی تیج پرتاپ کے "غیر ذمہ دارانہ رویے" کی وجہ سے ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔