Sunday, December 21, 2025 | 01, 1447 رجب
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ :جہیز کے لیے شوہر نے بیوی کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا، 8 ماہ قبل ہوئی تھی شادی

تلنگانہ :جہیز کے لیے شوہر نے بیوی کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا، 8 ماہ قبل ہوئی تھی شادی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Dec 21, 2025 IST

تلنگانہ :جہیز کے لیے شوہر نے بیوی کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا، 8 ماہ قبل ہوئی تھی شادی
تلنگانہ کے وکارآباد ضلع میں 22 سالہ خاتون انوشا کو اس کے شوہر پرویش کمار نے جہیز کے تنازع پر ہونے والی تلخ کلامی کے بعد بے رحمی سے مار پیٹ کی، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ اس خوفناک واقعے کا انکشاف سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد ہوا ہے۔ پولیس نے ملزم شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
 
کیا ہے معاملہ؟
 
اطلاعات کے مطابق، انوشا اور پرویش کمار کی شادی آٹھ ماہ قبل ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان اکثر جہیز کے معاملے پر جھگڑے ہوتے تھے۔ واقعے سے دو دن قبل انوشا ایک جھگڑے کے بعد اپنے میکے چلی گئی تھی۔ پرویش کمار نے خاندان کو یقین دلایا تھا کہ اب کوئی جھگڑا نہیں ہو گا اور وہ انوشا کو واپس لے گیا تھا۔ لیکن گھر لوٹتے ہی دونوں کے درمیان پھر کہا سنی شروع ہو گئی۔
 
کیسے انجام دیا واردات؟
 
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشا اور پرویش کمار ایک بائیک پر گاؤں سے گزر رہے تھے۔ ایک گھر کے باہر بائیک رکوانے پر انوشا اتر کر گھر کی طرف چلنے لگتی ہے۔ وہ لنگڑا رہی تھی۔ تب ہی پرویش کمار پیچھے سے اس کی جیکٹ پکڑ کر اسے اپنی طرف کھینچتا ہے اور بائیک کی طرف دھکیلتا ہے۔ انوشا پورچ پر بیٹھ جاتی ہے۔ پڑوس کے گھر سے ایک خاتون پرویش کمار کو چابی دیتی ہے۔ پرویش کمار انوشا کا گلہ پکڑ کر اور پھر ہاتھ سے کھینچ کر اسے دروازہ کھولنے پر مجبور کرتا ہے۔
 
سر پر چھ بار وار:
 
انوشا چابی پھینک دیتی ہے اور پرویش کمار اس پر حملہ کر دیتا ہے۔ پرویش کمار انوشا کو دو بار طمانچے مارتا ہے۔ پیٹ میں لات مارتا ہے اور پھر ایک لکڑی کا ڈنڈا اٹھا کر اس کے سر پر چھ بار وار کرتا ہے۔ ایک پڑوسی نے پرویش کمار کو روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ نہ مانا۔
 
پولیس نے درج کیا کیس
 
انوشا کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ انوشا کے بھائی نے ملزم شوہر اور اس کی ماں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔