Monday, November 03, 2025 | 12, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • بہار میں پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم کل ہوگی ختم ،سیاسی جماعتیں مہم میں سرگرم

بہار میں پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم کل ہوگی ختم ،سیاسی جماعتیں مہم میں سرگرم

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Nov 03, 2025 IST

بہار میں پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم کل ہوگی ختم ،سیاسی جماعتیں مہم میں سرگرم
بہار انتخابات کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم آخری مرحلہ میں داخل ہوگئی ہے۔ منگل کو ختم ہونے والی انتخابی مہم سے قبل حکمراں این ڈی اے قائدین اس کیلئے اپنی پوری طاقت استعمال کررہے ہیں۔ آج بھی این ڈی  اے کے کئی بڑے نام انتخابی میدان میں نظر آئیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی آج مسلسل دوسرے دن بہار میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ نریندر  مودی آج سہرسہ اور کٹیہار میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سیتامڑھی، شیوہر اور مدھوبنی میں تین ریلیاں کریں گے اور ووٹ مانگیں گے۔ ان کے علاوہ اترپردیش  کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ دربھنگہ، مظفر پور، سارن اور پٹنہ میں چار ریالیاں کرتے ہوئے عوام کو این ڈی اے کی جانب راغب کرنے کی کوشش کریں گے۔
 
خیال رہے کہ بہار میں پہلے مرحلہ کیلئے 6 نومبر کو ووٹنگ ہوگی جبکہ یہاں 4 نومبر یعنی کل شام پانچ بجے کے بعد انتخابی مہم پوری طرح تھم جائے گی۔ اس سلسلہ میں آج بھی اپوزیشن جماعتوں کے اہم قائدین بڑے پیمانہ پر انتخابی مہم چلائیں گے ۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے۔ سماج وادی پارٹی صدر اور اترپردیش کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو  کے علاوہ دیگر کئی اہم قائدین انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ کانگریس صدر ملارجن کھرگے آج امرپور میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ اسی دوران ایس پی سربراہ اکھلیش یادو  مشرقی چمپارن ۔ سیوان اور کیمور میں تین انتخابی ریالیاں کریں گے اور عظیم اتحاد کے لیڈروں کیلئے ووٹ ماگیں گے۔ کھرگے اور اکھلیش یادو کے پروگراموں کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ ٹریفک تحدیداد بھی عائد کردی گئی ہیں۔ اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری اور ایم پی پرینکا گاندھی سہارسا اور لکھی سرائے میں ریالیوں سے خطاب کریں گی۔ 
 
وہیں سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر فخرالحسن چاند نے بہار انتخابی مہم کے دوران این ڈی اے قائدین کی جانب سے کئے جانے والے وعدوں پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ فخرالحسن چاند نے کہاکہ این ڈی اے قائدین بہار کی عوام سے بڑے بڑے وعدے کررہے ہیں جبکہ انہوں نے گذشتہ مرتبہ کیاگیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ ایس پی لیڈر نے کہاکہ بہار کی عوام اب کی مرتبہ جملوں کی سیاست میں پھنسنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرینکا گاندھی نے جو کہاوہ بالکل سچ ہے کہ اس مرتبہ ریاست میں عوام تبدیلی چاہتی ہے۔  انہوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین صرف جھوٹ بولنا جانتے ہیں ۔