Tuesday, May 19, 2026 | 01 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • خلیجی ممالک کی اپیل پر ایران پر امریکی حملہ مؤخر

خلیجی ممالک کی اپیل پر ایران پر امریکی حملہ مؤخر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: May 19, 2026 IST

خلیجی ممالک کی اپیل پر ایران پر امریکی حملہ مؤخر
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران پر مجوزہ بڑا فوجی حملہ عارضی طور پر ملتوی کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ منگل کے روز کیا جانا تھا، تاہم آخری لمحات میں خلیجی اتحادی ممالک کی اپیل کے بعد منصوبہ روک دیا گیا۔
 
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو فی الحال مؤخر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں فریقوں کے درمیان سنجیدہ نوعیت کے مذاکرات جاری ہیں اور سفارتی کوششوں کو موقع دینے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
 
امریکی صدر نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ تباہ کن نتائج سے بچنے کیلئے مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری بات چیت کسی مثبت نتیجے تک پہنچ سکتی ہے۔
 
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو کمزور جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ شدید جنگ چھڑ سکتی ہے۔ ان کے بیان کے بعد عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوگیا تھا جبکہ مشرق وسطیٰ کے ممالک نے فوری سفارتی مداخلت شروع کر دی تھی۔
 
سیاسی اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کسی نئی جنگ سے بچنا چاہتے ہیں کیونکہ خطے میں پہلے ہی غیر یقینی صورتحال اور کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو صورتحال دوبارہ خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔
 
دوسری جانب عالمی برادری بھی دونوں ممالک پر تحمل اور سفارت کاری اختیار کرنے پر زور دے رہی ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔