اتراکھنڈ کے چمولی میں دو لوکوٹرینیں شفٹ چینج کے د وران آپس میں ٹکراگئی۔ یہ حادثہ پیپل کوٹی کے قریب پیش آیا۔ اس حادثہ میں تقریباً 60 کے قریب مسافر زخمی بتائے جارہے ہیں ۔ حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ چمولی کے ایس پی سرجیت سنگھ پنوار اور ضلع مجسٹریٹ گورو کمار نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام انجام دیے گئے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان کو روکا جا سکے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
زیادہ تر مزدوروں کا تعلق بہاراوراڈیشہ سے ہے
حادثے میں زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق بہار، اڈیشہ اور جھارکھنڈ سے ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پراجیکٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور صورتحال پر قابو پالیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچے ضلع مجسٹریٹ سوربھ کمار نے بتایا کہ حادثہ شفٹ میں تبدیلی کے دوران پیش آیا۔ شدید زخمیوں کے بازو اور ٹانگوں میں فریکچر ہو گیا۔ انتظامیہ نے پورے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وہیں نینی تال کے بی ڈی پانڈے اسپتال کے احاطے میں واقع ایک آؤٹ ہاؤس میں اچانک زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ آگ لگتے ہی علاقے میں افرا تفری مچ گئی، تاہم فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ نے صورتحال کا جائزہ لیا، جب کہ آگ لگنے کی وجوہات کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔ آتشزدگی حادثہ میں کئی گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں ۔ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔